شمالی کوریا کی فوجی مشق، امریکی آبدوز جنوبی کوریا میں

یو ایس ایس مشی گن تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption یو ایس ایس مشی گن جوہری اسلحے سے لیس آبدوز ہے

جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی کوریا نے اپنی افواج کے 85ویں یومِ تاسیس کے موقع پر بڑے پیمانے پر جنگی مشق کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا کی فوج نے اس مشق کے لیے توپخانے کے متعدد یونٹس وونسان کے علاقے میں بھیجے۔

٭ امریکہ کا کوریائی خطے میں بحری بیڑے کی تعیناتی کا حکم

٭ شمالی کوریا امریکی بحری جہاز ’ڈبونے کے لیے تیار ہے‘

شمالی کوریا ماضی میں اپنی افواج کی سالگرہ کے موقع پر میزائل تجربے کرتا رہا ہے اور اس بار یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایسا کوئی تجربہ خطے میں پہلے سے کشیدہ صورتحال کو مزید خراب نہ کر دے۔

اسی تناظر میں امریکہ کی جنگی آبدوز یو ایس ایس مشی گن بھی جنوبی کوریا پہنچی ہے جبکہ جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ اس کی بحریہ جزیرہ نما کوریا کے قریب پہنچنے والے امریکی جنگی بحری جہازوں کے ساتھ مشقیں کرے گی۔

حالیہ ہفتوں کے دوران شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان شدید بیان بازی کے بعد کوریائی جزیرہ نما میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو شمالی کوریا کو دنیا بھر کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے امریکی سینیٹ کے تمام ارکان کو بدھ کو وائٹ ہاؤس میں شمالی کوریا کے معاملے پر ہونے والی خفیہ بریفنگ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption یو ایس ایس کارل ونسن نے اس سے قبل آسٹریلیا کے ساتھ فوجی مشق کی ہے

جنوبی کوریا کے اخبار چوشن البو کے مطابق یو ایس ایس مشی گن جوہری ہتھیار سے لیس آبدوز ہے جس میں 154 ٹوماہاک کروز میزائل موجود ہیں اور اس پر عملے کے 60 ارکان تعینات ہیں۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ آبدوز طیارہ بردار امریکی بحری جہاز یو ایس ایس کارل ونسن اور دیگر جنگی بحری جہازوں کے ساتھ اس فوجی مشق میں شرکت کرے گی جس کا مقصد فوجی قوت کا مظاہرہ ہے۔

شمالی کوریا نے امریکی بحری بیڑے کی جزیرہ نما کوریا کے قریب آمد پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور اسے امریکی جارحیت سے تعبیر کرتے ہوئے طیار بردار جہاز کو غرقاب کر دینے اور 'حفظ ماتقدم کے طور پر شدید حملے' کی دھمکی دی ہے۔

اس صورتحال میں چین نے فریقین کو تحمل اور ضبط سے کام لینے کے لیے کہا ہے اور امریکہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر کسی بھی کارروائی کا خیال دل میں نہ لائے۔

اسی بارے میں