امریکی میزائل نظام کی تنصیب کے خلاف جنوبی کوریا میں مظاہرے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جنوبی کوریا کے جنوبی علاقے میں سینکڑوں افراد نے اس نظام کی تنصیب کے خلاف مظاہرے کیے ہیں

جنوبی کوریا میں امریکہ کی جانب سے متنازع دفاعی میزائل نظام کی تنصیب کے خلاف مظاہرے ہوئے ہیں۔

شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں اور میزائل کی تیاری کے تناظر میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد امریکی فوج جنوبی کوریا میں متنازع میزائل ڈیفینس سسٹم ’تھاڈ‘ نصب کر رہی ہے۔

شمالی کوریا کی فوجی مشق، امریکی آبدوز جنوبی کوریا میں

امریکہ کا کوریائی خطے میں بحری بیڑے کی تعیناتی کا حکم

یہ نظام شمالی کوریا کی جانب سے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے لگایا جا رہا ہے۔ جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم اگلے برس کے آخر تک کام کرنا شروع کر دے گا۔

جنوبی کوریا میں ٹی وی پر دکھائے جانے والی فوٹیج میں فوجی ٹریلر کے ذریعے بظاہر فوجی دفاعی ساز و سامان کو دارالحکومت سیول سے 250 کلو میٹر جنوب کی جانب جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

جنوبی کوریا کے جنوبی علاقے میں سینکڑوں افراد نے اس نظام کی تنصیب کے خلاف مظاہرے کیے ہیں اور اس دوران ان کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

جنوبی کوریا میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان جھڑپوں کے نتیجے میں دس سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption یہ نظام 200 کلومیٹر تک کے فاصلے میں کام کرتا ہے اور 150 کلومیٹر بلندی تک تک اثر کرتا ہے

ادھر چین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تھاڈ نظام کی تنصیب خطے میں سکیورٹی کو غیر مستحکم کرے گی۔

خیال رہے کہ امریکہ نے حالیہ دنوں میں شمالی کوریا کی جانب سے مزید میزائل یا جوہری تجربات کی منصوبہ بندی کرنے کے خدشات کے باعث جزیرہ نما کوریا میں جنگی جہاز اور آبدوز تعینات کی ہیں۔

تھاڈ میزائل سسٹم کے نظام کے ذریعے درمیانے فاصلے تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلیسٹک میزائل کو اس وقت مار گرایا جا سکتا ہے جب وہ اپنی پرواز کے آخری مرحلے میں ہو۔

اس نظام میں یہ صلاحیت بھی ہے کہ یہ کسی بھی ٹیکنالوجی مثلاً جنگی ہتھیاروں کو تباہ کر سکتا ہے۔ یہ نظام 200 کلومیٹر تک کے فاصلے میں کام کرتا ہے اور 150 کلومیٹر بلندی تک تک اثر کرتا ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ اور جنوبی کوریا تھاڈ سسٹم کی ابتدائی آپریشنل صلاحیت کو محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں