یونائیٹڈ ایئر لائنز اور گھسيٹ كر باہر نکالے گئے مسافر کے درمیان مالی سمجھوتہ طے پا گیا

مسافر تصویر کے کاپی رائٹ JAYSE D ANSPACH
Image caption ویتنامی نژاد ڈاکٹر ڈیوڈ دؤ دو عشروں سے امریکی ریاست کنٹکی میں مقیم ہیں

امریکہ کی یونائیٹڈ ایئر لائنز اورجہاز سے گھسيٹ كر باہر نکالے گئے ایک شخص کے درمیان مالی سمجھوتہ طے پا گیا ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں یونائیٹڈ ایئرلائنز کی شگاگو سے جانے والی ایک پرواز کے اڑان بھرنے سے قبل 69 سالہ مسافر کو گھسیٹ کر طیارے سے باہر نکال دیا گیا تھا۔

یہ مسافر ویتنامی نژاد ڈاکٹر ڈیوڈ دؤ تھے جو دو عشروں سے امریکی ریاست کنٹکی میں مقیم ہیں۔

’ہماری پرواز پر گھسیٹنا منع ہے‘

رضاکارانہ طور پر سیٹ چھوڑنے پر دس ہزار ڈالر انعام

طیارے سے نکالا جانے والا مسافر ’اڑیل اور جھگڑالو‘ تھا

ڈاکٹر دؤ کے وکلا کا کہنا ہے کہ معاوضے کی ادائیگی کے لیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ رقم کے بارے میں عوام کو نہیں بتایا جائے گا۔

ڈاکٹر دؤ کے وکلا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یونائیٹڈ ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آسکر منوز کا ’کہنا تھا کہ وہ درست اقدام کریں گے، اور انھوں نے ایسا ہی کیا۔‘

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں پیش آنے والے اس واقعے میں جہاز میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کی بکنگ کے بعد جہاز کے عملے نے چار مسافروں کو اپنی مرضی سے سیٹیں چھوڑنے کا کہا تھا۔

جب مسافروں نے رضاکارانہ طور پر سیٹیں چھوڑنے سے انکار کیا تو جہاز کے عملے نے خود چار مسافروں کو چنا لیکن جب ایک مسافر نے سیٹ چھوڑنے سے انکار کیا تو اسے سکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے گھسیٹ کر طیارے سے اتارا گیا۔

اس مسافر کو جہاز سے گھسیٹ کر نکالنے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر یونائیٹڈ ایئر لائن کو معافی مانگنی پڑی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption یونائیٹڈ ایئر لائنز نےاعلان کیا ہے کہ طیارے میں زیادہ مسافروں کی بکنگ کی صورت میں رضاکارانہ طور پر سیٹ چھوڑنے پر دس ہزار ڈالر کا انعام دیا جائے گا

ڈاکٹر ڈیوڈ دؤ کو زبردستی باہر نکالنے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا میں غصہ پھیلا اور لاکھوں لوگوں نے اس ویڈیو کو دیکھا۔

ویڈیو سامنے کے بعد یونائیٹڈ ایئرلائنز نے اپنے ملازمین کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسافر ’اڑیل اور جھگڑالو‘ تھا اور اسے ہوائی جہاز سے نکالنے کے لیے طے شدہ طریقہ کار پر عمل کیا گیا۔

اس واقعے کے سامنے آنے کے بعد ہوائی کمپنی کی مالک کمپنی کے حصص میں چار فیصد سے زیادہ کمی ہوئی اور اپنی بکنگ پالیسیوں میں تبدیلی بھی کی ہے۔

یونائیٹڈ ایئر لائنز نےاعلان کیا ہے کہ طیارے میں زیادہ مسافروں کی بکنگ کی صورت میں رضاکارانہ طور پر سیٹ چھوڑنے پر دس ہزار ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں