شہزادہ فلپس اپنی شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو رہے ہیں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption شہزادہ فلپس اگلے ماہ 96 سال کے ہو جائیں گے

بکنگھم پیلِس نے اعلان کیا ہے کہ ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپس اس سال موسمِ خزاں میں اپنی شاہی ذمہ داریوں سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

محل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ شہزادہ فلپس نے خود کیا ہے اور ملکہ ان کے اس فیصلے میں ان کے ساتھ ہیں۔

شہزادہ فلپس اگلے ماہ 96 سال کے ہو جائیں گے۔ شہزادہ فلپس اگست تک پہلے سے طے شدہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں گے لیکن اب کوئی نیا دعوت نامہ قبول نہیں کریں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/ Getty
Image caption ملکہ اور شہزادہ فلپس اس سال کے آواخر میں اپنی شادی کی 70 ویں سالگرہ منائئں گے

محل کا کہنا ہے کہ ملکہ اپنی شاہی ذمہ داریاں جاری رکھیں گی۔

شہزادہ فلپس 780 سے زائد تنظیموں کے سرپرست، رکن اور صدر ہیں۔ وہ ان تنظیموں سے وابستہ تو رہیں گے لیکن ریٹائرمنٹ کے بعد سرگرم نہیں رہیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ فلپس کبھی کبھی کسی سرکاری تقریب میں شرکت کیا کریں گے۔

شہزادہ فلپس کی سالگرہ دس جون کو ہے جبکہ ملکہ اور وہ نومبر میں اپنی شادی کی سترویں سالگرہ منائیں گے۔