’سی آئی اے کم جونگ ان کو قتل کرنے کی سازش کر رہی ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption شمالی کوریا نے الزام لگایا ہے کہ ان کے رہنما کو قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے خفیہ اہلکار شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو ہلاک کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔

شمالی کوریا کی وزارتِ ملکی سلامتی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے ایک دہشت گرد گروہ جسے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے اور جنوبی کوریا کے خفیہ ادارے کی پشت پناہی حاصل ہے وہ ملک میں داخل ہو گیا ہے اور ایک کیمیائی مادے سے حملہ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس دہشت گرد گروہ کو جلد پکڑ لیا جائے گا اور انھیں بے رحمی سے کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا۔

یہ انکشاف ایک ایسے موقع پر کیا گیا جب امریکہ اور شمالی کوریا میں کشیدگی انتہائی درجے پر ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی سے جاری ہونے والے اس بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گرد گروہ مبینہ طور پر کیمیائی اور تابکاری مادے کے علاوہ نینو زہریلا مادہ بھی استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

شمالی کوریا جو چھٹا جوہری تجربہ کرنے کی دھمکیاں دے رہے اس کے ساتھ آجکل امریکہ کی شدید لفظی جنگ چل رہی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں