جسٹن ٹروڈو کا بیٹا جب ابا کے دفتر آیا

تصویر کے کاپی رائٹ Justin Trudeau
Image caption کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے بیٹے ہاڈریئن ٹروڈو اپنے والد کے دفتر میں

کینیڈا کے وزیر اعظم اور انٹرنیٹ دنیا کی ہر دل عزیز شخصیت جسٹن ٹروڈو نے ساری دنیا کے لیڈروں کو ایک بار پھر یہ دکھایا کہ پبلسٹی کیسے کی جاتی ہے خاص طور پر جب آپ کے اپنے گھر والے اس کا حصہ بننے والے ہوں۔ اپنے تین برس کے بیٹے کو جب وہ اپنے دفتر لائے تو اس معصوم نے سب کا دل موہ لیا۔

ویسے تو وزیر اعظم کا سرکاری کام کبھی ختم نہیں ہوتا مگر اس دن ان کی مصروفیات میں عوامی نمائندوں کے ساتھ ملاقت، پارلیمان میں سوالات کے جوابات دینے کے علاوہ یونیورسٹی کے صدور کے ساتھ ملاقاتیں شامل تھیں۔

مگر جسٹن ٹروڈو نے ان سب مصروفیات کے باوجود اپنے بیٹے کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلنے کے لیے وقت نکالا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Justin Trudeau
Image caption جسٹن ٹروڈو اپنے بیٹے کے ساتھ دفتر میں آنکھ مچولی کھیلتے ہوئے

ننھے ہاڈریئن ٹروڈو کے لیے پورا کا پورا دفتر ہی ان کا میدان تھا۔ ماربل کی عالیشان راہداریاں اور تاریخی کمروں میں لی گئی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔

وزیر اعظم اور ان کے صاحبزادے نے پریس اور سیاستدانوں کا مل کر سامنا کیا۔ اور دونوں گروہوں کے لیے سنجیدگی سے اپنا کام کرنا ذرا مشکل نظر آیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Justin Trudeau
Image caption جسٹن ٹروڈو اپنے صاحبزادے ہاڈریئن ٹروڈو کے ہمراہ

فیسبک پر ایک قاری نے لکھا کہ 'قیمتی لمحہ۔۔ میں نے اپنی زندگی میں آپ کے والد (سابق وزیر اعظم پیئر ٹروڈو) اور آپ کے بچپن کی شائع ہونے والی تصویر بھی دیکھی تھی۔'

ایک اور قاری نے لکھا کہ 'چاہے اسے اچھی پی آر کہیں یا نہ کہیں آپ ٹروڈو صاحب کو سوائے ایک اچھے خاندانی اقدار رکھنے والے شخص کے علاوہ کچھ نہیں کہہ سکتے'

مگر ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ پینتالیس برس کے سوشل میڈیا کو خوب اچھی طرح سمجھنے والے اس سیاستدان نے عالمی پردے پر سب نظریں اپنے اوپر پائیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Justin Trudeau
Image caption جسٹن ٹروڈو اپنے بیٹے کے ہمراہ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے

اس آزاد خیال سیاستدان کے حامیوں نے ان کی جانب سے شامی پناہ گزینوں کا خیر مقدم کرنے، ہم جنس پرستوں کے ہمراہ مارچ کرنے اور اپنے آپ کو حقوق نسواں کا علمبردار قرار دینے پر خوب سراہا۔ صرف پچھلے ہی ہفتے کینیڈا میں پناہ حاصل کرنے والے ایک شامی خاندان نے اپنے نوزائیدہ بچے کا نام جسٹن ٹروڈو کے نام پر رکھا۔ جسٹن ٹروڈو نے ماضی میں ایک موقع پر برجستہ کوانٹم کمپیوٹنگ کے بارے میں بات کی اور ڈونلڈ ٹرمپ کو مات دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Justin Trudeau
Image caption جسٹن ٹروڈو اپنے بیٹے کے ہمراہ اپنے دفتر کی ایک راہداری میں

سب تصاویر سٹن ٹروڈو کے فیسبک صفحے پر شائع کی گئیں۔