برطانوی انتخابات: 30 پاکستانی نژاد میدان میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption لیبر پارٹی کی جانب سے تقریباً پچاس اقلیتی امیدوار بھی ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں

آٹھ جون کو برطانیہ میں ہونے والے عام انتخابات میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ٹکٹس پر تیس پاکستانی نژاد برطانوی شہری انتخاب لڑ رہے ہیں۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے جاری کی گئی امیدواروں کی فہرست کے مطابق برطانیہ کی حزبِ مخالف کی جماعت لیبر پارٹی نے دیگر جماعتوں کی نسبت زیادہ خواتین اور پاکستانی نژاد شہریوں کو ٹکٹ دیے ہیں۔

لیبر کی جانب سے 14 پاکستانی نژاد برطانوی شہری انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

جبکہ لبرل ڈیموکریٹس نے 9، حکمران جماعت کنزویٹیو پارٹی کی جانب سے 6 اور سکاٹش نیشنل پارٹی نے ایک پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو ٹکٹ دیا ہے۔

برطانوی انتخابات میں سب سے زیادہ تعداد میں لندن کے حلقوں سے پاکستانی نژاد برطانوی شہری حصہ لے رہے ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے لندن کے حلقوں سے سات پاکستانی نژاد امیدوار میدان میں اتارے گئے ہیں۔

اگلے ماہ ہونے والے برطانوی انتخابات میں ملک کے 650 حلقوں سے تین ہزار سے زیادہ امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں۔

ان انتخابات میں ایک قابلِ امر بات یہ ہے کہ حزبِ مخالف کی جماعت لیبر پارٹی نے اکتالیس فیصد نشستوں پر خواتین امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔

لیبر پارٹی کی جانب سے تقریباً پچاس اقلیتی امیدوار بھی ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

حکمران جماعت کنزویٹیو پارٹی کی جانب سے 29 فیصد ، لبرل ڈیموکریٹس 30 فیصد جبکہ سکاٹش نیشنل پارٹی کی جانب سے 33 فیصد خواتین امیدواروں کو ٹکٹ دیے گئے ہیں۔

برطانوی انتخابات میں ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن میں حصہ لینے والی پاکستانی نژاد خواتین کی تعداد گیارہ ہے۔