ٹرمپ کے صدر بننے اور بریگزٹ کے بعد یورپ امریکہ، برطانیہ پر انحصار نہیں کر سکتا:میرکل

میرکل تصویر کے کاپی رائٹ EPA

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد اور بریگزٹ کے بعد یورپ مکمل طور پر امریکہ اور برطانیہ پر انحصار نہیں کر سکتا۔

انھوں نے کہا کہ وہ برطانیہ اور امریکہ کے ساتھ ساتھ روس کے ساتھ بھی دوستانہ تعلقات رکھنا چاہتی ہیں لیکن یورپ کو اب اپنی منزل کے لیے خود لڑنا ہو گا۔

نیٹو پر 'سخت' بات چیت کے لیے ٹرمپ برسلز میں

فرانس میں اعتدال پسند میکخواں صدر منتخب

جرمن چانسلر کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب جی سیون اجلاس میں 2015 پیرس کلائمٹ معاہدے پر اتفاق نہیں ہو سکا۔ اس اجلاس کے بعد جرمن چانسلر نے کہا تھا کہ مذاکرات کافی دشوار تھے۔

صدر ٹرمپ نے اجلاس میں کہا کہ وہ موسٹمی معاہدے کے حوالے سے آنے والے ہفتے میں فیصلہ کریں گے۔

جنوبی جرمنی کے شہر میونخ میں ایک الیکشن ریلی کے دوران انگیلا میرکل نے کہا 'وہ وقت اب ختم ہونے والا ہے جب ہم دوسروں پر انحصار کیا کرتے تھے۔ اور اس بات کا تجربہ میں نے گذشتہ چند دنوں میں کیا ہے۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'برلن اور نئے فرانسیسی صدر کے درمیان تعلقات کو ترجیح دینی ہو گی۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو میں شامل اتحادی ممالک سے کہا تھا کہ وہ لازمی طور پر دفاعی بجٹ میں اپنے حصے کے مناسب اخراجات ادا کریں۔

امریکی صدر نے برسلز میں نیٹو ممالک کے رہنماؤں سے بات کرتے ہوئے امریکی خدشات کا اظہار کیا کہ یورپی ممالک دفاع پر اپنے حصے کی رقم خرچ نہیں کر رہے ہیں۔

انھوں نے ان ممالک کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ' بہت بڑی رقم کے قرض دار ہیں۔'

٭ نیٹو پر 'سخت' بات چیت کے لیے ٹرمپ برسلز میں

٭’نیٹو کےساتھ تعاون اٹل لیکن یورپ دفاعی اخراجات بڑھائے‘

صدر ٹرمپ کے بقول 'یہ امریکی عوام اور ٹیکس دینے والوں سے انصاف نہیں اور بہت سارے ممالک کئی برسوں سے بہت بڑی رقم کے قرض دار ہیں اور کئی برسوں سے رقم ادا نہیں کر رہے ہیں۔'

ڈونلڈ ٹرمپ اس سے پہلے بھی نیٹو میں شامل اتحادی ممالک پر اس بات کے لیے نکتہ چینی کرتے رہے ہیں کہ دفاعی بجث میں جی ڈی کا جو دو فیصد خرچ کرنے پر اتفاق ہوا تھا اسے وہ پورا نہیں کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے نیٹو ہیڈ کوارٹر میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت نیٹو کے 28 رکن ممالک میں سے صرف پانچ اپنے مالی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں