’فرق نہیں پڑتا کہ میں نصف انڈین یا ہم جنس پرست سیاستدان ہوں'

لیو ورادکر تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption لیو ورادکر صحت اور سیاحت کے وزیر بھی رہے ہیں اور قوی امکان ہے کہ دو جون کو وہ آئرلینڈ کے نئے وزیراعظم منتخب ہو جائیں گے

لیو ورادکر کی داستان بڑی عجیب ہے۔ وہ ایک ہندوستان نژاد آئرش ہیں اور اپنے ہم جنس پرست ہونے کا اعلان کر چکے ہیں اور قوی امکان ہے کہ وہ دو روز بعد آئرلینڈ کے اگلے حکمران منتخب ہو جائیں گے۔

دو ہفتے قبل آئرلینڈ کے وزیرِ اعظم اینڈا کینی صرف ایک برس اقتدار میں رہنے کے بعد مستعفی ہو گئے تھے۔

اس خلا کو پر کرنے کے لیے جمعرات سے انتخابی عمل شروع ہو جائے گا، اور پارلیمانی پارٹی کے الیکٹرل کالج کی ووٹنگ کے بعد دو جون کو نئے رہنما کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔

اس دوڑ میں اکثریتی جماعت فینے گیل سے تعلق رکھنے والے لیو ورادکر پیش پیش ہیں جو اس وقت سماجی تحفظ کے وزیر ہیں۔

ان کے واحد حریف 44 سالہ سمون کونوی ہیں جو حالیہ حکومت میں ہاؤسنگ کے وزیر ہیں۔

اس وقت ورادکر کو 45 ارکان کی حمایت حاصل ہے جب کہ 20 ارکان کونوی کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔

38 سالہ ورادکر آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں پیدا ہوئے تھے اور وہ ممبئی سے ترکِ وطن کر کے آئرلینڈ جا بسنے والے ڈاکٹر اشوک ورادکر کے صاحب زادے ہیں۔

اپنے والد کے نقشِ قدم پر چل کر انھوں نے بھی طب کی تعلیم حاصل کی اور سیاست میں آنے سے پہلے وہ پریکٹس کرتے رہے ہیں۔

وہ 2007 میں سیاست میں وارد ہوئے اور انھوں نے ڈبلن سے انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption لیو ورادکر (دائیں) اور ان کے حریف سمون کونوی آئرلینڈ کے وزیرِ اعظم کی دوڑ میں شامل دو امیدوار ہیں

'ہم جنس پرستی شخصیت کی ترجمانی نہیں کرتی'

انھوں نے 2015 میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ وہ ہم جنس پرست ہیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ وہ آئرلینڈ میں ہم جنس پرستوں کی شادی کے مسئلے پر ہونے والے ریفرینڈم سے قبل اپنا موقف واضح کر دینا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا: 'میں لوگوں کے ساتھ کھری بات کرنا چاہتا ہوں۔ میں نہیں چاہتا کہ کوئی سمجھے کہ میرا کوئی خفیہ ایجنڈا ہے۔'

آئرش ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو اس کا علم ہے اور کچھ کو نہیں، لیکن یہ کوئی ایسی چیز نہیں جو میری شخصیت کی ترجمانی کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’اس سے فرق نہیں پڑتا کہ میں نصف انڈین سیاست دان ہوں، یا ڈاکٹر سیاست دان ہوں ہم جنس پرست سیاست دان۔'

انھوں نے کہا: 'یہ میری شخصیت کا حصہ ہیں، لیکن اس کی ترجمانی نہیں کرتے۔ یہ سب میرے کردار کا حصہ ہیں۔'

اس کے بعد ورادکر ایک اور تنازعے کا شکار ہوئے جب انھوں نے اعلان کیا کہ وہ لوگ جو فلاحی فراڈ کے مرتکب ہوتے ہیں انھیں شرمندہ کرنے کے لیے ان کے نام ایک سرکاری ویب سائٹ پر شائع کیے جائیں گے۔

وہ بریگزٹ کے مخالف ہیں۔ حال ہی میں ایک تقریر کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ 'شمال اور جنوب کے درمیان سرحدیں نہیں ہونی چاہییں۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں