ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل نے کومی کے الزمات مسترد کر دیے

تصویر کے کاپی رائٹ unknown
Image caption کیسوز کا کہنا ہے کہ چونکہ جیمز کومی اس بارے میں راز افشاں کرتے رہے ہیں اس لیے خود ان کی تفتیش ہونی چاہیے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل نے ایف بی آئی کے سابق سربراہ جیمز کومی کے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے جو جیمز کومی نے گذشتہ روز سینیٹ میں اپنے بیان میں صدر کے خلاف عائد کیے ہیں۔

ٹرمپ کے وکیل مارک کیسوز نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے 2016 میں انتخابات کے دوران ممکنہ روسی مداخلت سے متعلق تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہیں کی۔

یاد رہے کہ امریکہ میں 2016 کے صدارتی انتخاب کے دوران ممکنہ روسی مداخلت کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے اور سینیٹ کے سامنے جیمز کومی کا بیان بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے جیمز کومی کو ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کے عہدے سے فارغ کر دیا تھا۔ مبینہ طور پر انھوں نے یہ اقدام اس وقت اٹھایا جب جیمز کومی نے روسی مداخلت کے حوالے سے تفتیش روکنے سے انکار کیا۔

صدر ٹرمپ کے وکیل کا کہنا ہے کہ چونکہ جیمز کومی اس بارے میں راز افشاں کرتے رہے ہیں اس لیے خود ان کی تفتیش ہونی چاہیے۔

امریکہ کے وفاقی خفیہ ادرے ایف بی آئی کے سابق سربواہ جیمز کومی جمعرات کے روز سینیٹ کی انٹیلجنس کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے جس میں ان سے ان کی برطرفی کے متعلق پوچھ گچھ کی گئی۔

اس کیمٹی کے سامنے کومی نے کئی اہم دعوے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس نے گذشتہ برس کے امریکی انتخابات میں مداخلت کی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ مسٹر ٹرمپ نے ان سے سابق قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فیلن کے خلاف تفتیش نہ کرنے کو کہا تھا جنھیں روس سے تعلقات کی بنیاد پر دباؤ کے بعد برطرف کر دیا گيا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption گذشتہ ماہ ایف بی آئی کے سربراہ جیمز کومی کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا

کومی نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ان سے ’وفادار‘ رہنے کے لیے کہا اور انھوں نے ایف بی آئی اور ان کی یہ کہہ کر توہین کی کہ ایجنسی کی قیادت بہت خراب ہے۔ کومی کے مطابق صدر کی جانب سے یہ سب کی سب جھوٹی باتیں تھیں۔

سینیٹ کی کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کومی نے کہا کہ انھیں اس بات کا خدشہ تھا کہ ان کی جو بھی بات چیت صدر سے ہوتی ہے اس بارے میں میں ٹرمپ جھوٹ بول سکتے ہیں اس لیے گفتگو کے دوران وہ باتوں کے اہم نکات کو نوٹ کر لیا کرتے تھے۔

جیمز کومی کے ان الزامات سے متعلق جب صدر ٹرمپ سے یہ پوچھا گیا کہ کیا جیمز کومی سچ بول رہے ہیں تو انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا اور بس ہنس کر ٹال گئے۔

صدر ٹرمپ ان الزامات سے انکار کرتے رہے ہیں کہ گذشتہ برس کے صدارتی انتخابات کے دوران روس نے مداخلت کر کے ان کی کسی طرح کی مدد کی تھی یا پھر اس سلسلے میں ان کا کسی طرح کا روس سے کوئی رابطہ تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں