کولمبیا میں سر پر نرس گرنے سے ڈاکٹر ہلاک

ہسپتال تصویر کے کاپی رائٹ UNIVERSITY HOSPITAL DEL VALLE
Image caption ڈاکٹر ازابیل مونز ہسپتال کے صحن سے گزر کر کیفیٹیریا جا رہی تھیں جب نرس گونزالز ان پر آ گریں

کولمبیا کے ایک ہسپتال کی چھٹی منزل سے گرنے والی نرس نیچے کھڑی ایک ڈاکٹر پر جا گری جس کے باعث نرس تو زخمی ہوئیں لیکن ڈاکٹر ہلاک ہو گئیں۔

کالی شہر میں پیش آنے والے اس واقعے میں زیرِ تعلیم ڈاکٹر ازابیل مونز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئیں۔

چھٹی منزل سے گرنے والی نرس ماریا ازابیل گونزالز کو کئی چوٹیں آئیں اور ان کے جسم کی متعدد ہڈیاں ٹوٹیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی گرنے کی وجہ کیا تھی۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ہسپتال کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ’ہم نہیں جانتے کہ کیا ہوا ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ SPL
Image caption ڈاکٹر مونز کو دماغ میں چوٹیں آئیں

’ہمیں صرف یہ پتہ ہے کہ ایک سانحہ ہوا ہے اور بہت مشکل صورتحال ہے۔‘

یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے پیش آیا۔

ڈاکٹر ازابیل مونز ہسپتال کے صحن سے گزر کر کیفیٹیریا جا رہی تھیں جب نرس گونزالز ان پر آ گریں۔

ہسپتال کے ڈائریکٹر جوان کارلوس کا کہنا تھا ’ڈاکٹر مونز کو دماغ میں چوٹیں آئیں اور انہیں بچانے کی ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود وہ چل بسیں۔ ‘

اسی بارے میں