کولمبیا کے شاپنگ مال میں دھماکہ، تین خواتین ہلاک

کولمبیا تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کولمبیا کے شاپنگ مال میں دھماکے کے بعد پولیس کو وہاں تعینات دیکھا گیا

جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا میں حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی ایک کارروائی میں تین خواتین ہلاک ہو گئی ہیں۔

شہر کے شمال میں واقع ایک شاپنگ مال کے دھماکے میں یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس حملے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بگوٹا کے میئر اینرک پینالوسا نے کہا کہ مرنے والوں میں ایک کا تعلق فرانس سے تھا۔

حکام کا خیال ہے کہ ایک چھوٹا بم دھماکے کی وجہ تھا جو کہ خواتین کے ٹوائلٹ میں رکھا گیا تھا۔

یہ حملہ سنیچر کی شام اس وقت ہوا جب شاپنگ مال میں بہت بھیڑ تھی اور لوگ اتوار کو 'فادرز ڈے' کے تحفے کے لیے شاپنگ مال میں خریداری کر رہے تھے۔

ایک 23 سالہ فرانسیسی خاتون جو کہ شہر کے جنوب میں واقع ایک سکول رضاکارانہ طور پر کام کرتی تھیں مہلوکین میں سے ان کی سب سے پہلے شناخت ہوئی ہے۔

ہلاک ہونے والی دو دوسری خواتین کی عمر 27 اور 31 سال بتائی جاتی ہے لیکن ان کی شہریت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گيا ہے۔

شہر کے میئر اینرک پینالوسا نے کہا: 'سینٹرو اینڈینو پر یہ بزدلانہ دہشت گردانہ حملہ شدید اندوہ ناک ہے۔'

ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ حملے کے پس پشت کون تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں