جنگی بحری جہاز کی ٹکر کے بعد لاپتہ ہونے والے امریکی بحری اہلکار ہلاک

امریکی بحری جہاز تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

امریکی نیوی اور جاپان کے میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکہ کا جنگی بحری جہاز جاپان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی جہاز سے ٹکرانے کے نتیجے میں جہاز کے عملے کے لاپتہ سات اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ سنیچر کی علی الصبح پیش آیا تھا جس کے بعد لاپتہ ہونے والے سات اہلکاروں کی تلاش شروع کر دی گئی تھی جبکہ زخمی ہونے والے تین اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے وہاں سے نکال لیا گیا تھا۔

امریکی جنگی جہاز کی تجارتی جہاز سے ٹکر، سات اہلکار لاپتہ

امریکی نیوی کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں کو جہاز کے تباہ شدہ حصوں تک رسائی حاصل کرنے کے بعد لاپتہ ہونے والے سات اہلکاروں کی لاشیں اتوار کو ملیں۔

امریکی نیوی کے مطابق ملنے والی لاشوں کو جاپان کے ہسپتال لے جایا گا جہاں ان کی شناخت ہو گی۔

خیال رہے کہ امریکی بحریہ کا جنگی جہاز سنیچر کو جاپان کے جنوب مغربی ساحل یوکوسوکا سے 56 ناٹیکل میل یعنی 103 کلومیٹر دور اے سی ایکس کرسٹل نامی تجارتی جہاز سے مقامی وقت کے مطابق صبح ڈھائی بجے ٹکرا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ US NAVY

جاپان کے وائس ایڈمرل جوزف کا اتوار کو ایک پریس کانفرس میں کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ابھی تک کتنے افراد کی باقیات ملی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اہلکاروں کے خاندانوں کو اس بارے میں مطلع کیا جا رہا ہے۔

اس حادثے کے نتیجے میں امریکی جنگی بحری جہاز کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

ٹوکیو سے بی بی سی کے نامہ نگار نے بتایا تھا کہ جس جگہ یہ ٹکر ہوئی وہ انتہائي مصروف راستہ ہے جہاں سے جہاز ٹوکیو خلیج کی جانب آمدورفت کرتے ہیں۔

امریکی بحری جہاز دنیا کے جدید ترین جنگی جہازوں میں سے ایک ہے اور اس کے پاس انتہائی جدید ریڈار نظام ہے اور اب اس بارے میں بہت سے سوالات ہوں گے کہ آخر اس کا عملہ اس ٹکر سے بچنے میں ناکام کیوں رہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں