امریکہ: لاپتہ ہونے والی مسلمان لڑکی کی لاش برآمد

نبرہ تصویر کے کاپی رائٹ Facebook - Isra Chaker
Image caption نبرا کی دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ شخص کار سے اترا اور ان پر حملہ آور ہوا

امریکی ریاست ورجینیا میں پولیس کو ایک لاش ملی ہے جس کے بارے میں اس کا ماننا ہے کہ یہ ایک مسجد کے قریب سے لاپتہ ہونے والی 17 سالہ مسلمان لڑکی کی ہے۔

لڑکی کی شناخت نبرا حسین کے نام سے ہوئی ہے اور پولیس کے مطابق ہرنڈن شہر میں ایک ڈرائیور کے ساتھ تنازعے سے قبل اپنی دوستوں کے ہمراہ پیدل چل رہی تھی۔

اس کی دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ شخص کار سے اترا اور لڑکی پر حملہ آور ہوا۔ اس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئی۔

ایک 22 سالہ شخص کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں ایسے شواہد نہیں ملے جس سے ظاہر ہو کہ یہ ایک نفرت کی بنیاد پر کیا گیا جرم تھا۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق نبرا سمیت چار یا پانچ نوجوان لڑکیاں رات کے وقت ایک فاسٹ فوڈ ریستوران گئی تھیں۔

مقامی وقت کے مطابق رات چار بجے سڑک پر چلتے ہوئے ان کا سامنا ایک ڈرائیور سے ہوا تھا۔

ایک مقامی کمیونٹی سینٹر ڈی آل ڈلس ایریا مسلم سوسائٹی (ایڈمز) کا کہنا ہے اس کے ارکان نے ان لڑکیوں کو دیکھا تھا اور انھیں ان کی عمارت میں جانے کا کہا تھا۔ لیکن نبرا پیچھے رہ گئی اور بعد میں انھوں نے اس کے لاپتہ ہونے کے بارے میں انتظامیہ کو آگاہ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Fairfax Police
Image caption ایک 22 سالہ شخص کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے

بعدازاں پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے ڈرائیور ڈارون مارٹنیز ٹوریز کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جائے وقوعہ سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ایک تالاب سے انھیں نبرہ کی لاش ملی ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک بیس بال کا بلا بھی برآمد ہوا ہے۔

لاش کی صحیح شناخت اور موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم بھی کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں