شاہی خاندان میں کسی کو ملکہ یا بادشاہ بننے کی خواہش نہیں: شہزادہ ہیری

پرنس ہیری تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

شہزادہ ہیری نے کہا ہے کہ اس وقت برطانوی شاہی خاندان میں سے کسی کو بھی بادشاہ یا ملکہ بننے کی خواہش نہیں اور وہ لوگ اپنی ذمہ داریاں درست وقت پر ادا کریں گے۔

امریکی جریدے نیوز ویک کو دیے گیے ایک انٹرویو میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شاہی خاندان عوام کے لیے بہتر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

نیوز ویک کے مطابق شہزادہ ہیری نے جریدے کو بتایا کہ وہ برطانوی شہنشاہیت کو جدت دینے کے عمل کا حصہ رہے ہیں۔

’یہ توازن برقرار رکھنے کا ایک مشکل کام ہے۔ ہم اس کے سحر کو بھی کم نہیں کرنا چاہتے۔ برطانوی عوام اور دنیا بھر کو اس کی ضرورت ہے۔‘

اپنے اس انٹرویو میں شہزادہ ہیری نے اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی موت کے بعد ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے حوالے سے بھی بات کی۔

شہزادہ ہیری جن کی عمر اپنی والدہ کی وفات کے وقت فقط بارہ سال تھی سمجھتے ہیں کہ کبھی کسی بچے کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات کے لیے جانے والے جلوس میں شرکت کرے۔

خیال رہے کہ سنہ 1997 میں جب شہزادی ڈیانا کی ہلاکت ہوئی تو پرنس ہیری نے اپنے والد، اپنے بڑے بھائی، دادی اور دادا کے ہمراہ والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کی اور وہ لندن کی شاہراہوں سے گزرنے والے جلوس کا حصہ تھے۔

Image caption شہزادی ڈیانا کی ہلاکت کے وقت شہزادہ ہیری کی عمر صرف 12 برس تھی

حال ہی میں شہزادہ ہیری نے کہا تھا کہ انھیں اپنی والدہ کی موت کے صدمے سے نکلنے کے لیے مدد کی ضرورت پڑی تھی۔

ان کے جنازے کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہزادہ ہیری نے کہا کہ ’ میری والدہ جبھی مری تھیں اور مجھے ان کے تابوت کے پیچھے بہت دیر تک چلنا پڑا جبکہ ہزاروں افراد مجھے دیکھ رہے تھے۔ میرے خیال میں کسی بھی بچے کو ایسا کرنے کے لیے نہیں کہا جانا چاہیے۔ میں نہیں سمجھتا کہ آج ایسا کچھ ہو سکتا ہے۔‘

شہزادہ ہیری نے شہزادی ڈیانا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ہم دونوں بھائیوں کو عام انداز میں زندگی گزارنا سکھایا۔ وہ کہتے ہیں کہ لوگ حیران ہوں گے کہ انھوں نے اور ولیم نے کتنی عام زندگی بسر کی۔

'میں اپنے لیے خریداری خود کرتا ہوں۔۔۔اگر میں بادشاہ بھی ہوتا تو اپنی شاپنگ خود کرتا۔‘

برطانوی شہزادے کا کہنا تھا کہ ’کبھی کبھار۔۔۔ مجھے خطرہ ہوتا ہے کہ کوئی میری تصویر بنا لے گا۔ لیکن میں ایک عام زندگی گزارنا چاہتا ہوں اور میں خوش قسمت ہوں گا اگر میرے بچے ہوں اور وہ بھی ایسی ہی زندگی گزار سکیں۔'

اسی بارے میں