’ٹرمپ ٹائم میگزین کے نقلی سرورق کی تصاویر ہٹائیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

امریکی جریدے ٹائم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ اپنے گالف کلبوں سے جریدے کے ان نقلی سر ورق کی تصاویر کو ہٹائیں جن پر ان کی تصویر ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے فلوریڈا کے گالف کلب میں ٹائم میگزین کا سرورق فریم ہو کر لگا ہوا ہے جس پر ٹرمپ کی تصویر ہے اور اس کے ساتھ شہ سرخی ہے 'ڈونلڈ ٹرمپ: دی اپرینٹس از ٹیلی وین سمیش' یعنی دی اپرینٹس ٹی وی پروگرام نہایت کامیاب ہے۔

یہ تصویر ٹرمپ کے چار گالف کلبوں میں فریم کر کے لگائی گئی ہے۔

ٹائم میگزین کی ترجمان کا کہنا ہے 'یکم مارچ 2009 کی یہ تصویر ٹائم میگزین کے کسی بھی فارمیٹ میں نہیں چھپی۔ اس تاریخ کے اصل میگزین کے سر ورق پر اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کی تصویر تھی۔'

'میں تصدیق کرتی ہوں کہ ٹائم کا یہ سر ورق اصل نہیں ہے۔'

واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ ٹائم میگزین نے ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ اس تصویر کو ہٹائیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

اخبار کے مطابق پہلی نظر میں یہ سرورق اصل لگتا ہے لیکن بغور دیکھیں تو اس کا سرخ رنگ کا ہاشیہ بہت باریک ہے جبکہ ٹائم میگزین کا ہاشیہ چوڑا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹائم میگزین کے سرورق پر ٹرمپ کی تصویر صرف ایک بار چھپی ہے اور وہ جنوری 1989 میں۔ اور اس کے بعد دسمبر 2016 میں جب ان کو جریدے نے 'پرسن آف دی ایئر' قرار دیا تھا۔

صدر ٹرمپ کی ترجمان سارہ ہکابی نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ وہ گالف کلب میں لگی تصویر پر تبصرہ نہیں کریں گی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں