جی ٹوئنٹی میں ایوانکا کے ڈونلڈ ٹرمپ کی نشست سنبھالنے پر ہنگامہ

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

جی ٹوئنٹی کے سالانہ اجلاس کے موقعے پر ایوانکا ٹرمپ نے ایک غیر معمولی اقدام کے طور پر کچھ دیر کے لیے اپنے والد کی جگہ نشست سنبھالے رکھی۔

امریکی صدر اجلاس کے دوران انڈونیشیا کے رہنما سے باہمی امور سے متعلق ایک ملاقات کے لیے گئے تو ان کی جگہ ان کی بیٹی نے لے لی۔

ایونکا اپنے والد کی مشیر تو ہیں لیکن ایسے مواقع پر امریکی صدر کی جگہ اعلیٰ عہدوں پر فائز امریکی اہلکار لیا کرے ہیں۔

* ایوانکا ٹرمپ کا نیا کردار کیا ہوگا؟

* ایوانکا ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں دفتر دیا جائے گا

اجلاس میں شرکت کرنے والے بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ انہیں یاد نہیں پڑتا کہ ایسا پہلے بھی کبھی ہوا ہو۔ سوشل میڈیا پر اس واقعے پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔

تاہم اپنی ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ لوٹ آئے اور برطانوی وزیرِ اعظم اور چینی صدر کے درمیان موجود اپنی نشست سنبھال لی۔

صدر ٹرمپ کی غیر موجودگی میں ان کی بیٹی نے افریقی پناہ گزینوں اور صحت جیسے موضوعات پر ہونے والی بات چیت میں کوئی خاص حصہ نہیں لیا۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین کا کہنا تھا ایونکا ٹرمپ غیر منتخب شخصیت ہیں اور یہ کہ اتنے بڑے پیمانے کے سفارتی اجلاس میں بیٹھنے کے لیے ان کی اہلیت کیا ہے سوائے اس کے کہ وہ ایک فیشن برانڈ کی مالک ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER/@LANALUKASH
Image caption سوشل میڈیا پر اس واقعے پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے

کئی لوگوں نے ان کے دنیا کے طاقت ور ترین رہنماؤں کے درمیان ان کے اس طرح بیٹھنے کی مذمت کی کیونکہ دو ہفتے قبل ایک انٹرویو کے دوران انھوں نے کہا تھا کہ وہ سیاست سے دور رہنا چاہتی ہیں۔

ایوانکا ٹرمپ نے اس سے پہلے اپنے والد کے ہمراہ جی ٹوئنٹی کے خواتین کی اقتصادیات اور تجارت سے متعلق ہونے والی ایک تقریب میں حصہ لیا تھا۔ ان کے علاوہ وہاں جرمن چانسلر آنگیلا میرکل، کرسٹین لیگارڈ اور آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔

یہ تینوں خواتین اس سے پہلے اپریل میں ہونے والے جی ٹوئنٹی کے ایک اجلاس میں برلن میں بھی اکٹھی دیکھی گئی تھیں۔

اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایونکا کی زندگی میں وہ بحیثیت ان کے والد بری چیز ہیں۔

’میں اپنی بیٹی ایوانک پر بہت فخر کرتا ہوں۔ ہمیشہ ہی، پہلے دن سے۔ اگر وہ میری بیٹی نہ ہوتی تو شاید اس کے زندگی زیادہ آسان ہوتی۔ سچ پوچھیں تو میرا اس کا والد ہونا شاید اس کے لیے واحد بری چیز ہے۔‘

ایونکا نے ایک مختصر ماڈلنگ کے دور کے بعد اپنے ہی والد کی کمپنی میں ملازمت اختیار کی اور ٹرمپ ہوٹلز کے کاروبار کو پھیلایا۔ ’

ایوانکا ٹرمپ کی شادی جیراڈ کشنر سے ہوئی جو ڈونلڈ لارمپ کے وائٹ ہاؤس میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں