لیڈی ڈیانا: ’دنیا کی سب سے شرارتی ماؤں میں سے ایک‘

شہزادی ڈیانا اپنے بیٹے ہیری کے ساتھ تصویر کے کاپی رائٹ THE DUKE OF CAMBRIDGE AND PRINCE HARRY
Image caption شہزادی ڈیانا کی اپنے بیٹے ہیری کے ساتھ چھٹیاں منانے کی یہ تصویر ان کی غیرشائع شدہ تصاویر میں شامل ہے

برطانوی شہزادوں ولیم اور ہیری نے اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی 20 ویں برسی کے موقعے پر انھیں یاد کرتے ہوئے شہزادی کو دنیا کے 'شرارتی ترین والدین میں سے ایک' قرار دیا ہے۔

انھوں نے لیڈی ڈیانا کی 20 ویں برسی پر پیش کی جانے والی آئی ٹی وی کی ایک دستاویزی فلم میں کہا ہے کہ وہ 'محل کی دیواروں کے باہر کی حقیقی دنیا کو خوب سمجھتی تھیں۔'

دونوں شہزادوں نے بتایا کہ ان کی والدہ نے انھیں کتنے پرلطف انداز میں پالا تھا اور وہ 'پوری طرح سے خود بھی بچہ ہی تھیں۔'

تصویر کے کاپی رائٹ THE DUKE OF CAMBRIDGE AND PRINCE HARRY
Image caption اس پروگرام میں نظر آنے والی بعض تصاویر شہزادی ڈیانا کے ذاتی البم سے لی گئی ہیں

انھیں افسوس ہے کہ ان کی آخری بات بہت مختصر تھی اور وہ ایک فون کال تھی جو انھوں نے اپنی موت کے دن پیرس سے کی تھی۔ شہزادہ ولیم نے کہا کہ انھوں نے فون پر کیا کہا وہ تو یاد نہیں لیکن ان کی ماں نے جو کہا وہ انھیں یاد ہے اور وہ اس کی تفصیل ظاہر نہیں کر سکتے۔

اس پروگرام میں شہزادوں کے ساتھ ان کی کئی غیر مطبوعہ تصویریں بھی شامل ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ THE DUKE OF CAMBRIDGE AND PRINCE HARRY
Image caption اس تصویر میں شہزادی ڈیانا امید سے ہیں اور پروگرام میں شہزادہ ولیم نے پروگرام میں کہا کہ 'تم مانو یا نہ مانو اس تصویر میں ہم دونوں ہیں'

شہزادی ڈیانا 31 اگست سنہ 1997 کو پیرس کے ایک کار حادثے میں ماری گئی تھیں۔ اس وقت شہزادہ ولیم 15 اور شہزادہ ہیری 12 سال کے تھے۔

آئی ٹی وی کو پرنس ہیری نے اپنی ماں کی برسی پر انھیں یاد کرتے ہوئے بتایا: 'میرے اور ولیم کے لیے وہ دنیا کی آج تک کی بہترین ماں تھیں۔'

ان کے حس مزاح کو یاد کرتے ہوئے پرنس ہیری نے کہا: 'ہماری ماں پوری طرح سے بچہ تھیں۔ جب کوئی کہتا ہے کہ وہ اتنی پرمزاح تھیں تو ان کی کوئی بات بتاؤ تو میرے کانوں میں صرف ان کی ہنسی گونجتی ہے۔'

تصویر کے کاپی رائٹ MARTIN KEENE/PA
Image caption یہ تصویر سنہ 1992 میں لی گئی تھی

انھوں نے مزید کہا: 'میری ماں کی ایک بات مجھے یاد ہے کہ تم جتنی شرارت کرنا چاہو کرو لیکن یاد رہے پکڑے نہ جاؤ۔

'وہ سب سے زیادہ شرارتی والدین میں سے تھیں۔ وہ ہمیں فٹبال کھیلتا دیکھتیں اور ہمارے موزوں میں مٹھائی ڈال دیتیں۔'

پرنس ولیم نے بتایا کہ ان کی ماں بہت غیر رسمی تھیں اور ہنسی مذاق بہت پسند کرتی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption لیڈی ڈیانا کو کھیل کود میں کافی دلچسپی تھی

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں