امریکی بحریہ کے جہاز کی آئل ٹینکر سے ٹکر، عملے کے دس افراد لاپتہ

بحریہ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption یو ایس ایس جان مکین کے بیرونی حصے پر ہونے والا شگاف واضح نظر آرہا ہے

امریکی بحریہ کے مطابق ان کے جنگی بحری جہاز یو ایس ایس جان مکین کی سنگاپور کے نزدیک آئل ٹینکر سے ٹکر کے نتیجے میں عملے میں شامل پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں اور دس لاپتہ ہیں۔

یو ایس ایس جان مکین سنگاپور کے مشرقی ساحل سے گزرتے ہوئے بندرگاہ کی جانب جا رہا تھا جب لابیئریا کے جھنڈے سے مزین آئل ٹینکر سے اس کی ٹکر ہوئی۔

امریکی بحریہ کے بیڑے، سیونتھ فلیٹ کے جانب سے جاری کیے گیے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یو ایس ایس جان مکین اب سنگاپور کے نیول بیس پر پہنچ چکا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا: 'جہاز کے بیرونی حصے کو کافی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے جہاز کے کئی اہم حصوں میں پانی بھر گیا ہے۔ عملے کی فوری کاروائی سے مزید نقصان روک لیا گیا۔'

* امریکی آبی ڈرون چین کے قبضے کی تصدیق، ’فوجی رابطے جاری ہیں‘

آلنک ایم سی نامی آئل ٹینکر کے عملے میں سے ایک فرد نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاز 12000 ٹن تیل تائیوان سے سنگاپور لے جا رہا تھا لیکن حادثے سے زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے اور نہ ہی تیل کا ضیاع ہوا اور تمام عملہ محفوظ ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز کو نقصان پہنچا ہے جبکہ حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع ہو چکی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Malaysian Navy Chief
Image caption ملائیشیا کی بحریہ کے سربراہ نے آلنک ایم سی نامی آئل ٹینکر کی تصویر ٹویٹ کی

امریکی فوج کے ہیلی کاپٹرز اور سنگاپور کی بحریہ اور کوسٹ گارڈز ان کارروایئوں میں مدد کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب ہوا جب امریکی بحریہ کا جہاز سنگاپور کی بندرگاہ پر پہنچنے والا تھا۔

سنگاپور کی میری ٹائم اتھارٹی نے بھی اپنے پیغام میں کہا 'سنگاپور سٹریٹ اس حادثے سے متاثر نہیں ہوئی ہے اور آئل ٹینکر سے تیل خارج نہیں ہوا ہے۔'

سنگاپور کے پاس موجود یہ گزرگاہ دنیا کی چند مصروف ترین گزرگاہوں میں سے ایک ہے جہاں سے بڑی تعداد میں بحری جہاز ساز و سامان اور تیل کی ترسیل کرتے ہیں۔ اسی جگہ کے نزدیک سٹریٹ آف مالاکہ کی گزرگاہ ہے جو انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

یاد رہے کہ اس سال جون میں امریکی بحریہ کی ایک اور جہاز یو ایس ایس فٹزگیرالڈ جاپان کے نزدیک ایک کنٹینر جہاز سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں عملے کے سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں