ٹیکساس میں بحالی کے عمل میں برسوں لگ سکتے ہیں:گورنر ایبٹ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

امریکی ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے کہا ہے کہ سمندری طوفان 'ہاروی' سے ہونے والے تباہی کے بعد مکمل بحالی میں کئی برس لگ سکتے ہیں۔

امریکی ٹی وی چینل اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'یہ صفائی کا ایک بہت ہی بڑا عمل ہوگا۔'

* ہوسٹن: شدید بارشوں کے بعد سیلاب کی تباہ کاریاں

* ’ہاروی‘ سے 20 ہلاکتیں، ہیوسٹن میں رات کا کرفیو نافذ

ٹیکساس میں 'ہاروی' کی وجہ سے ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب سے کم سے کم 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملک کے جنوبی علاقوں میں آنے والے 'ہاروی' سمندری طوفان کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے کانگریس سے امدادی فنڈ جاری کرنے کی درخواست کرنے والے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق صدر ٹرمپ کانگریس کو تقریباً چھ ارب ڈالر کی امدادی رقم جاری کرنے کی تجویز دیں گے تاہم ٹیکساس کے گورنر نے کہا ہے کہ ریاست میں متاثرہ علاقے کی تعمیرِ نو کے لیے 125 ارب ڈالر کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

گورنر ایبٹ کے مطابق طوفان کی وجہ سے ریاست میں ہزاروں افراد بےگھر ہوئے ہیں اور تقریباً 32 ہزار مختلف مقامات پر پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان سے ٹیکساس میں 95 ہزار کے قریب مکانات کو مکمل یا جزوی نقصان پہنچا ہے اور ان میں سے 80 فیصد کے مالکان کے پاس سیلاب کے نتیجے میں تباہی کی انشورنس نہیں ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ہیوسٹن میں تیل کی کمپنیوں کی جانب سے ریفائنریز بند کر دیے جانے کی وجہ سے امریکہ میں توانائی کی فراہمی معطل ہے

امدادی کارکن ریلیف آپریشن کے دوران گھر گھر جا کر تلاشی لے رہے ہیں۔

ہوم لینڈ سکیورٹی کے مشیر ٹام بوزیرز کا کہنا ہے کہ صدارتی دفتر نے کانگریس سے کہا ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر فنڈ جاری کریں تاکہ اُن افراد کی مدد کی جا سکے جن کی انشورنس نہیں ہے۔

امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے بھی جمعرات کو ٹیکساس کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 'امریکی عوام آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم اُس وقت تک آپ کے ساتھ ہیں جب تک یہ شہر، ریاست اور علاقہ پہلے سے بہتر تعمیر نہ ہو جائے۔'

خیال رہے کہ گذشتہ جمعے سے 'ہاروی' کے نتیجے میں ہیوسٹن میں 20 ٹریلین گیلن پانی بارش کی شکل میں برس چکا ہے۔ شہر میں چار فٹ سے زیادہ بارش ہوئی ہے جو کہ امریکہ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔

اسی بارے میں