بھلکڑ مالی لاٹری جیت کر ٹکٹ چیک کرنا ہی بھول گیا

فاتح مالی تصویر کے کاپی رائٹ CAMELOT

برطانیہ کے ایک مالی کو دس لاکھ پاؤنڈ مالیت کی لاٹری جیتنے کے ایک مہینے کے بعد پتہ چلا کیوں کہ وہ اپنا ٹکٹ چیک کرنا بھول گئے تھے۔

بھلکڑ مارٹن کرائٹن نے کہا کہ جب انھوں نے ایک اخبار میں لاٹری کے گمشدہ ٹکٹ کے بارے میں پڑھا تو انھیں یاد آیا کہ انھوں نے بھی لاٹری کا ٹکٹ خرید رکھا ہے۔

سفوک کاؤنٹی کے قصبے باکسفرڈ سے تعلق رکھنے والے کرائٹن نے اپنا بٹوہ ٹٹولا تو یہ قیمتی ٹکٹ رسیدوں اور کارڈوں کے درمیان پڑا ہوا ملا۔

جب انھوں نے اس کا نمبر اخبار میں چھپنے والے انعامی نمبر سے ملایا تب پتہ چلا کہ وہ جیت گئے ہیں۔

انھوں نے کہا: 'میرا خیال ہے مجھے اب تک یقین نہیں آ رہا۔‘

وہ سیدھے مقامی شراب خانے گئے جہاں کے مالک شان ان کے دوست ہیں۔ 'مجھے یقین نہیں آ رہا تھا اس لیے میں نے شان سے کہا کہ وہ نمبر اور ٹکٹ دیکھ کر تصدیق کریں۔ شان نے کہا کہ تم لکھ پتی بن گئے ہو۔'

کرائٹن مالی کا کام کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کا نوکری چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ انعامی رقم سے اپنا گھر خریدیں گے اور شمالی برطانیہ کے ساحل کی سیر کریں گے۔ وہ اس وقت کرائے کے مکان میں رہتے ہیں۔

'مجھے خوشی ہے کہ مجھے آئندہ کبھی مالی مسائل درپیش نہیں ہوں گے۔

’زندگی اب بہت آسان ہو گئی ہے۔‘

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں