ٹرمپ کو دیے گئے 83 سعودی تحائف

سربراہانِ مملکت کو تحائف ملنا کوئی نئی بات نہیں تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سربراہانِ مملکت کو تحائف ملنا کوئی نئی بات نہیں

سربراہانِ مملکت کو تحائف دینا کوئی نئی بات نہیں۔ جب 1945 میں برطانوی وزیر اعظم ونسٹن چرچل سعودی بادشاہ عبدل عزیز ابن سعود سے ملاقات کے لیے گئے تو انھیں جلد ہی اس بات کا اندازہ ہوگیا کہ وہ ایک سو پاؤنڈ کی قیمت والا جو پرفیوم بطورِ تحفہ سعودی بادشاہ کے لیے لے کر گئے تھے اس کی قیمت سعودی تحائف کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر تھی۔ سعودی بادشاہ نے ونسٹن چرچل کو جواہرات سے لیس تلوار، چغہ اور خنجر سمیت ہیرے کی انگھوٹیاں پیش کیں۔

برطانوی وزیر اعظم نے واپس آتے ہی سعودی بادشاہ کے لیے رولز رائس گاڑی بنوانے کا حکم دیا اور سات ماہ بعد وہ گاڑی عبد العزیز ابن سعود کو بھجوائی۔

آج کے دور میں شاید سربراہانِ مملکت اس طرح کی مہنگی گاڑیاں اور جہاز تحائف میں نہ دیتے ہوں لیکن امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کی گئی ایک حالیہ دستاویز میں صدر ٹرمپ کو ملنے والے سعودی تحائف کی تعداد 83 بتائی گئی ہے۔ یہ تحائف انھیں مئی میں کیے گئے سعودی دورے کے دوران ملے۔

تو صدر ٹرمپ کو ملا کیا؟

ٹرمپ کو ملنے والے تحائف میں، متعدد تلواریں، خنجر، چمڑے سے بنی اشیا، پستول خانے، سونے کی ذری کے کام والے ملبوسات، درجن سکارف، پرفیوم، ریشم، اور فن پارے شامل تھے۔

اریبیا فاؤنڈیشن کے علی شہابی کہتے ہیں کہ یہ تحائف بلکل پرتعیش نہیں ہیں۔ 'پرانے وقتوں میں خلیجی ریاستیں مہنگے تحائف دیتی تھیں: قیمتی گھڑیاں، زیور وغیرہ۔'

وہ کہتے ہیں کہ اب ایسا نہیں ہے۔ اب تحائف مقامی ثقافت کی نمائنگی کرتے ہیں۔

کیا ٹرمپ انھیں رکھ سکتے ہیں؟

امریکی قوانین کے مطابق سرکاری ملازم کوئی بھی تحفہ جس کی مالیت تین سو نوے ڈالر سے زیادہ ہے نہیں رکھ سکتے۔

یہ قانون 1966 میں بنا جب امریکی سیاست دانوں کو قیمتی گاڑیاں اور گھوڑے جیسے تحائف ملنا شروع ہوئے۔

اس رقم سے زیادہ مالیت کے تحفے امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ اپنے پاس یا پھر عجائب گھروں میں نمائش کے لیے رکھتا ہے۔

ہاں البتہ، سیاست دانوں کے پاس یہ اختیار موجود ہے کہ وہ ان تحائف کو بازاری داموں واپس خرید ضرور سکتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سعودی حکام ترک صدر کو ایک تسبیح تعفے میں دے رہے ہیں

اس سے پہلے بھی امریکی سربراہانِ مملکت اور سیاست دانوں کو اس طرح کے تحائف دیے جا چکے ہیں۔ ہلیری کلنٹن کو میانمار کی لیڈر نے جو ہار تحفے میں دیا تھا اس کی قیمت نو سو ستر ڈالر تھی۔ ہلیری کلنٹن نے اسے مارکیٹ کی قیمت پر دوبارہ خریدا۔

اسی طرع صدر اوباما کو بھی ببیشتر تحائف دیے گئے۔

صدر اوباما کو گھوڑے کا مجسمہ سعودی بادشاہ نے ستمبر 2015 میں دیا تھا۔ چاندی سے بنے اس مجسمے پر سونے کا پانی چڑھا ہوا تھا اور یہ ہیرے، یاقوت، نیلم اور روبی کے پتھروں سے ڈھکا ہوا تھا۔

اندازے کے مطابق اس مجسمے کی قیمت پانچ لاکھ 23 ہزار امریکی ڈالر کے قریب تھی۔

اسی طرح قطر کے امیر نے صدر اوباما کو ایک ایسی گھڑی دی ہے جس پر پرندہ بنا ہوا ہے جس پر سونے کا پانی چڑھا ہوا ہے۔ اس گھڑی کی قیمت ایک لاکھ دس ہزار امریکی ڈالر کے قریب بتائی جاتی ہے۔

سعودی عرب نے ہی امریکی صدر کو ایک تلوار بھی تحفے میں دی تھی جس کا دستہ سونے اور روبی سے بنا تھا اور اس کی قیمت کا اندازہ 87 ہزار نو سو ڈالر لگایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں