امریکہ: اٹلانٹا ایئرپورٹ پر بجلی منقطع، تقریباً ایک ہزار پروازیں منسوخ

اٹلانٹا ایئرپورٹ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اٹلانٹا کا ہرٹس فیلڈ جیکسن بین الاقوامی ایئرپورٹ دنیا کے مشغول ترین ایئرپورٹ میں شامل ہے جہاں سے روزانہ ڈھائی لاکھ سے زیادہ لوگ سفر کرتے ہیں

امریکی شہر اٹلانٹا کا ہرٹس فیلڈ جیکسن بین الاقوامی ایئرپورٹ بجلی کی سپلائی معطل ہونے کے سبب جزوی طور پر بند ہے اور بہت سی پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے۔

یہ ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹ ہے جہاں سے روزانہ ڈھائی لاکھ سے زیادہ لوگ سفر کرتے ہیں اور تقریباً ڈھائی ہزار پروازیں آتی جاتی ہیں۔

بجلی کی عدم فراہمی کے سبب مسافر اندھیرے ٹرمینل یا پھر طیارے میں پھنسے رہے۔

بہت سی پروازیں جنھیں وہاں اترنا تھا انھیں دوسری طرف موڑ دیا گیا ہے یا ایئرپورٹ کے روانگی والے حصے میں روک لیا گیا۔

ایک بیان میں ایئرپورٹ نے کہا کہ بجلی اتوار کو مقامی وقت کے مطابق ایک بجے دوپہر کو چلی گئی۔

ایئرپورٹ کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی جیارجیا پاور کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں زیر زمین کہیں بجلی کی لائن میں آگ لگ گئی ہے جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption اطلاعات کے مطابق تقریبا ایک ہزار پروازیں منسوخ ہوئی ہیں

انھوں نے کہا کہ آگ کا سبب پتہ نہیں چلا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کی نصف شب تک بجلی کی فراہمی بحال کر دیں گے۔

فلائٹ کنٹرول ٹاور معمول کے مطابق کام کر رہا ہے جبکہ یونائیٹڈ، ساؤتھ ویسٹ اور امریکن ایئرلائنز جیسی اہم ایئرلائنز نے پورے دن کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

٭ گلاسگو: پرواز سے چند لمحے قبل پائلٹ کو ہارٹ اٹیک

٭ امریکہ: انتہائی گرمی کے باعث درجنوں پروازیں منسوخ

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں مسافروں کو اندھیرے میں انتظار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈیلٹا ايئرلائنز نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ ان کی جو پروازیں وہاں اتر چکی ہیں ان کے مسافروں کو طیارے سے اتارنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن وہ انھیں محدود دروازوں تک نہیں پہنچا پا رہے ہیں۔

مقامی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ انھوں نے حالات سے نمٹنے کے لیے مزید پولیس فورس وہاں بھیجی ہے۔

اٹلانٹا 80 فی صد امریکی آبادی سے دو گھنٹے کی پرواز کے فاصلے پر اور یہ شہر امریکہ میں داخل ہونے کا اہم مقام ہے اور ملک کے اندر سفر کے لیے عام سٹاپ اوور ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں