اٹلی کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اٹلی میں حال ہی میں اخراجات میں کمی والا غیر مقبول بجٹ منظور ہوا ہے۔

دنیا کی بہترین کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں میں سے ایک سٹینڈرڈ اینڈ پوئرز نے اٹلی کی کریڈٹ ریٹنگ میں ایک درجہ کمی کر دی ہے اور اب یہ ’اے پلس/ اے ون پلس‘ سے کم ہو کر ’اے/ اے ون منفی‘ ہوگئی ہے۔

تاہم سٹینڈرڈ اینڈ پوئرز کے علاوہ دیگر درجہ بندی ایجنسیوں نے اٹلی کی اے پلس درجہ بندی برقرار رکھی ہے۔

یورو کرنسی سے جڑے ممالک میں اٹلی تیسری بڑی معیشت ہے اور اس سے پہلے یورو زون میں سپین ، آئرلینڈ ، یونان ، پرتگال اور قبرص کی درجہ بندی اس سال کم ہو چکی ہے۔

سٹینڈرڈ اینڈ پوئرز کا کہنا ہے کہ اسے اٹلی میں سرکاری اخراجات میں کمی اور مالی نظام کو ٹھیک طریقے سے چلانے کے معاملے پر تشویش ہے۔ اٹلی میں حال ہی میں اخراجات میں کمی والا غیر مقبول بجٹ منظور ہوا ہے۔

ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہمیں لگتا ہے کہ اٹلی میں معیشت کی سست روی کی وجہ سے حکومت کے لیے دوبارہ طے کردہ مالیاتی اہداف كو حاصل کرنا بھی مشکل ہوگا‘۔

یورپ میں اٹلی سب سے زیادہ مقروض ممالک کی فہرست میں دوسرے مقام پر ہے اورگزشتہ ہفتوں میں یہ قرض بڑھا ہے کیونکہ اسے پیسہ دینے والے اٹلی کی قرض کی ادائیگی کی حیثیت پر فکر مند ہیں۔