چار برطانوی بینکوں کی ریٹنگ میں کمی

Image caption موڈی کا فیصلہ مایوس کن ہے اور بینک کی ترقی کو مدنظر نہیں رکھا گیا: آر ایس بی

کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈی نے برطانیہ کے تین بڑے بینکوں سمیت بارہ مالیاتی اداروں کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کر دی ہے۔

جن مالیاتی اداروں کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی واقع ہوئی ہے ان میں لائیڈز ٹی ایس بی، رائل بینک آف سکاٹ لینڈ (آر بی ایس)، سینٹینڈیر اور نیشن وائڈ شامل ہیں۔

موڈی نے اپنےفیصلےکا محرک بتاتے ہوئےکہا ہے کہ اگر ان بینکوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تو برطانوی حکومت ان کی مدد کرنے کے قابل نہیں ہوگی۔ البتہ موڈی نے واضح کیا کہ کچھ مالیاتی اداروں کی ڈاؤن گریڈنگ برطانوی بینکوں کی مالیاتی کمزوری کی نشاندہی نہیں کرتا ہے۔

موڈی کے فیصلے کی وجہ سے آر بی ایس اور لائیڈز کے شیئرز میں تین اعشاریہ پانچ فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ موڈی نے جن بارہ مالیاتی بینکوں کی ریٹنگ میں کمی کی ان میں رائل بینک آف سکاٹ لینڈ، لائیڈز ٹی ایس بی، نیشن وائڈ، سینٹینڈیئر، کواپریٹو بینک، اور نیوکاسل، ناروچ اور پیٹربرو، نوٹینگہم، پرنسیپیلٹی سکپٹن، ویسٹ بروموچ اینڈ یارکشائر بلڈنگ سوسائٹیاں شامل ہیں۔

جن بڑے بڑے مالیاتی بینکوں کی ریٹنگ کو برقرار رکھا گیا ہے ان میں ایچ ایس بی سی، بارکلیز، سٹینڈرڈ چارٹررڈ شامل ہیں۔

رائل بینک آف سکاٹ لینڈ نےموڈی کی ریٹنگ پر مایوسی کا اظہار کیا۔ بینک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موڈی کی رپورٹ میں بینک کی ترقی کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

لائیڈز ٹی ایس بی نے اپنے بیان میں کہا کہ موڈی کی ریٹنگ میں وہی بات دہرائی گئی ہے جس کو پہلے ہی بینک میں سمجھ لیا گیا ہے اور اس سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔