لیبیا: طرابلس میں جھڑپیں ختم

لیبیا، ترپولی تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اگست میں ترپولی پرعبوری حکومت کے قبضے کے بعد یہ اب تک کی سب سے شدید لڑائی تھی

لیبیا کے دارالحکومت ترپولی میں عبوری حکومت کی حامی فوج اور معزول رہنما کرنل معمر قذافی کے حامیوں کے درمیان لڑائی ختم ہو گئی ہے۔

اگست میں ترپولی پر قومی عبوری حکومت کے قبضے کے بعد یہ اب تک کی سب سے شدید لڑائی تھی۔

یہ لڑائی قذافی کے حامیوں کی جانب سے مظاہرے کے بعد شروع ہوئی۔

ہسپتال کے ڈاکٹر نے بی بی سی کو بتایا کہ اس لڑائی میں نو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

حالانکہ شہر میں لڑائی ختم ہو چکی ہے تاہم بی بی سی کے خیال میں عبوری حکومت کی فوج ضلع ابو سالم ضلع سے قذافی حامیوں کو نکالنے کے لیے کارروائی کر رہی ہیں۔

ترپولی میں بی بی سی کی نامہ نگار کیرولائن ہاؤلی کا کہنا ہے کہ ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ دوسرے قصبوں میں بھی قذافی حامی سبز پرچم لہرائے گئے۔

ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ ترپولی کے دارہ علاقے میں بھی قذافی کے سبز پرچم لہرائے گئے ہیں جہاں قذافی کے حامیوں کا ایک گروپ سڑکوں پر نکل آیا تھا۔

عبوری حکومت کی فوج نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ہوائی فائرنگ کی اورگاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی بھی لی گئی۔

ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اس سے عبوری حکومت کو کچھ پریشانی تو ضرور ہوگی جو ملک میں سکیورٹی اور سیاسی خلا کو بھرنے کے اپنا کنٹرول مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

اسی بارے میں