نایاب زرد ہیرے کی ریکارڈ نیلامی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس ہیرے کا رنگ زرد ہیروں میں سب سے نایاب اور سب سے زیادہ چاہا جانے والا رنگ ہے

سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں منعقدہ نیلامی میں ایک انتہائی نایاب زرد ہیرا دس اعشاریہ نو ملین ڈالر کی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوا ہے۔

ایک سو دس قیراط کے اس ہیرے کا نام ’سن ڈراپ‘ ہے اور اسے ایک نامعلوم خریدار نے فون پر بولی لگا کر حاصل کی۔

ناشپاتی کی شکل کے اس’سن ڈراپ‘ ہیرے کو آج تک نیلام کیا جانے والا سب سے بڑا اور بےنقص ہیرا قرار دیا گیا ہے۔

یہ ہیرا گزشتہ برس جنوبی افریقہ میں نکالا گیا تھا اور اسے نیویارک کی کورا انٹرنیشنل نامی کمپنی نے فروخت کے لیے پیش کیا تھا۔

نیلام گھر سودیبی کا کہنا ہے کہ قیمتی پتھروں کے ماہرین نے اس ہیرے کا رنگ ’فینسی وی وڈ ییلو‘ بتایا تھا جو کہ زرد ہیروں میں سب سے نایاب اور سب سے زیادہ چاہا جانے والا رنگ ہے۔

نیلامی سے قبل اس ہیرے کی قیمت گیارہ سے پندرہ ملین ڈالر کے درمیان رہنے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔

ہیرے کے خریدار نے کمیشن اور ٹیکس کی مد میں ادا کی گئی رقم سمیت یہ ہیرا حاصل کرنے کے لیے بارہ اعشاریہ تین چھ ملین یا ایک کروڑ تیئیس لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر ادا کیے ہیں۔

نیلام گھر کے نمائندے نے نیلامی کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ زرد ہیرے کے لیے ریکارڈ رقم ہے اور یہ ہمارے اندازوں کے عین مطابق تھی‘۔

اسی بارے میں