فلسطین کا جھنڈا لہرائے گا: یونیسکو

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

اقوام متحدہ کی تنظیم برائے ثقافت، یونیسکو نے اعلان کیا ہے کہ منگل کے روز پیرس میں تنظیم کے ہیڈکواٹر پر فلسطین کا جھنڈا پر لہرا دیا جائے گا۔

یونسیکو نےاکتوبر میں امریکہ اور اسرائیل کی مخالفت کے باوجود فلسطین کو مکمل رکنیت دے تھی۔

یونیسکو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگلے منگل کو فلسطینی صدر محمود عباس کی موجودگی میں فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا جائےگا۔

فلسطین کو مکمل رکنیت دینے کی وجہ سے امریکہ نے یونیسکو کو فنڈز کی فراہمی روک دی تھی۔ ایک امریکی قانون کے تحت امریکی انتظامیہ پر لازم ہے کہ وہ ہر اس ادارے کی فنڈنگ کو روک لے جو اسرائیل کے ساتھ معاہدہ نہ ہونے کے باوجود فلسطین کو مکمل رکنیت دے۔

ادھر اسرائیل کے سرکاری ٹیلیویژن چینل نے خبر دی ہے کہ اسرائیلی حکومت نے یروشلم میں مزید یہودی آباد کاری کی اجازت دے دی ہے۔

سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق یورشلم کی سٹی کونسل کی پلاننگ کمیٹی نے چودہ گھروں پر مشتمل ایک رہائشی منصوبے کی اجازت دی ہے۔