برما: دھماکے میں پندرہ افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption آگ گودام سے شروع ہوئی اور پھر قریبی رہائشی علاقے میں پھیل گئی

برما کے دارالحکومت رنگون میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ دھماکہ مشرقی رنگون کے صنعتی علاقے میں جمعرات کو رات گئے ہوا جس کے نتیجے میں لگنے والی آگ وسیع علاقے میں پھیل گئی۔

تاحال دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

اطلاعات کے مطابق جس گودام میں دھماکہ ہوا وہاں کیمیائی اور تعمیری صنعت اور نمک کی پیداوار کے شعبے میں استعمال کیا جانے والا سامان رکھا ہوا تھا۔

ایک سکیورٹی اہلکار کے مطابق کہ ہلاک ہونے والوں میں آگ بجھانے والے عملے کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔ یہ افراد آگ بجھانے کی ابتدائی کوشش میں حصہ لے رہے تھے۔

اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’ہم لوگ دھماکے اور آگ لگنے کی وجہ کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں‘۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ آگ گودام سے شروع ہوئی اور پھر قریبی رہائشی علاقے میں پھیل گئی جہاں لوگ اپنے گھروں میں محوِ خواب تھے۔

متاثرہ علاقے کی نزدیکی بستی بوٹاہٹنگ کے ایک باشندے نے اے ایف پي کو بتایا، ’ہم نے دھماکے کی بہت زوردار آواز سنی اور آسمان پر دھواں دیکھا۔ ہماری عمارت بھی دھماکے سے ہل گئی۔ ہمیں کچھ نہیں پتہ کیا ہو رہا ہے‘۔

حالیہ برسوں میں برما میں کئی بم دھماکے ہوئے ہیں جن کے لیے حکومت علیحدگی پسند گروپوں کو قصوروار مانتی ہے لیکن جمعرات کے دھماکے کی وجہ کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔