انگوٹھی گاجر کے ساتھ اُگ آئی

گاجر کے انگوٹھی تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سفید سونے کی یہ انگوٹھی 1995 میں کھو گئی تھی

سویڈن کے ایک اخبار کے مطابق ایک خاتون کی سولہ برس پہلےگم ہونے والی شادی کی انگوٹھی باغیچے میں گاجر کے ساتھ اُگ آئی ہے۔

ڈاگنز نہیٹر نامی اخبار کے مطابق لینا پالسن نامی خاتون نے سولہ برس پہلے خود ڈیزائن کی ہوئی اپنی شادی کی انگوٹھی کرسمس کا کیک بناتے وقت اتار کر کچن میں رکھ دی تھی لیکن اس کے بعد انہیں انگوٹھی کہیں نہیں ملی تھی۔

سفید سونے کی یہ انگوٹھی جس میں کچھ ہیرے بھی لگے ہیں 1995 میں ان کے کچن سے غائب ہوگئی تھی۔ ویسے تو محترمہ پالسن نے اس انگوٹھی کے ملنے کی امید کھو دی تھی لیکن کچھ دن پہلے جب اپنے گھر کے پیچھے کے باغیچے میں وہ گاجر اکھاڑ رہی تھیں تو انہوں نے دیکھا کہ ایک گاجر پر ان کی انگوٹھی پھنسی ہوئی ہے۔

محترمہ پالسن اور ان کے گھر والوں نے انگوٹھی کو بہت ڈھونڈا اور گھر کی مرمت کے دوران انگوٹھی کی امید میں سارے گھر کی ٹائلیں بھی ہٹوا دی تھیں لیکن پھر بھی انگوٹھی نہیں مل پائی تھی۔

محترمہ پالسن کا کہنا ہے کہ انکی انگلیاں پہلے سے موٹی ہوگئی ہیں اس لیے انہیں یہ انگوٹھی فٹ نہیں آئے گی لیکن وہ اسے بڑا کرواکر دوبارہ پہن لیں گی۔

محترمہ پالسن اور ان کا خاندان مرکزی سویڈن کے مورا نامی علاقے میں رہتے ہیں۔

محترمہ پالسن کے خاوند نے اخبار کو بتایا ہے کہ ’ گاجر انگوٹھی کے بیچ سے نکل رہی تھی یعنی گاجر انگوٹھی میں پھنسی تھی۔ یہ تعجب کی بات ہے۔‘

محترمہ پالسن کے خاندان کا ماننا ہے کہ سولہ برس پہلے ان کی انگوٹھی برتن دھونے کی سنک میں سبزیوں کے چھلکوں میں گم ہوگئی تھی جو بعد میں ان کی بھیڑوں نے کھا لیے تھے۔

محترمہ پالسن کا کہنا ہے کہ وہ اس انگوٹھی کو دوبارہ پہننا چاہتی ہیں۔

اسی بارے میں