کینیا میں سفر سے گریز کریں: برطانیہ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption کینیا کی فوج صومالیہ میں شدت پسند تنظیم الشباب کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے

برطانیہ نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کینیا میں دہشت گرد حملے کا خطرہ انتہائی بڑھ گیا ہے اور وہ وہاں سفر کرتے ہوئے ا نتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

برطانوی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کے لیے ایک پیغام میں کہا کہ ان کے اندازوں کے مطابق کینیا میں دہشتگردانہ حملے کی منصوبہ بندی آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے۔

برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی جگہوں پر جانےسے گریز کریں جہاں عموماً غیر ملکی جمع ہوتے ہیں۔

کینیا کی پولیس نے حال ہی دو ایسے برطانوی شہریوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا جو ان کے مطابق کینیا میں دہشگردی کا منصوبہ رکھتے تھے۔

کینیا کی فوج اس وقت صومالیہ میں داخل ہو کر شدت پسند تنظیم الشباب کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے۔ کینیا کی فوج کا دعویٰ ہے کہ وہ الشباب کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔

سنیچر کےروز کینیا کی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے الشباب کے ساٹھ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے اور الشباب کے خلاف کارروائی اس کی ’کمر توڑنے تک‘ جاری رہے گے۔ الشباب تنظیم نے کینیا کی فوج کے دعوے کا تمسخر اڑایا ہے۔