چین:انٹرنیٹ پر مائیکرو بلاگنگ میں اضافہ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption چین میں انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ ہورہا ہے

چین میں انٹرنیٹ سے متعلق ایک تحقیقی ادارہ کے مطابق چین میں انٹرنیٹ پر مائیکرو بلاگنگ میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ برس کے مقابلے میں اس میں چار گنا کا اضافہ دیکھا گيا ہے۔

چین میں پانچ سو تیرہ ملین انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں میں سے تقریبا نصف ٹوئٹر کے طرز کی ویبو سائٹز کا استعمال کرتے ہیں۔

’دی چائنا انٹرنیٹ نیٹ ورک انفارمیشن سینٹر‘ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو ہزار دس میں تریسٹھ ملین لوگ مائیکرو بلاگنگ کرتے تھے جبکہ دو ہزار گيارہ میں اس میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔

چین میں مائیکرو بلاگ کے ذریعے کرپشن اور دیگر اہم واقعات پر اپنے خیلات کا اظہار اور اور احتجاج کیا جاتا رہا ہے۔

چین میں انٹرنیٹ کے مواد پر پابندیاں عائد ہیں لیکن اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے انٹرنیٹ کے استعمال کرنے پر اس پر نگرانی کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

گزشتہ برس حکام نے کئی شہروں میں انٹرنیٹ صارفین سے کہا تھا کہ وہ اپنے اصلی نام کا استعمال کریں۔ اس قدم پر نکتہ چینی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ حکومت اس سے حکومت مخالف مواد پر کنٹرول چاہتی ہے۔

اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گيا ہے چین کے دیہی علاقوں میں بھی انٹرنیٹ کے استعمال میں تقریباً دس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

اسی بارے میں