لیبیا میں گرفتار دو برطانوی صحافی رہا

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

برطانیہ میں وزارتِ خارجہ نے تصدیق کر دی ہے کہ لیبیا میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کا اعتراف کرنے والے دو صحافیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔

گیرتھ مونٹگیمری جانسن اور نکولس ڈیوس جانز کو گذشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔

اس سے قبل لیبیا کے وزارتِ داخلہ نے کہا تھا کہ دونوں صحافیوں کو رہا کر دیا اور انہیں پیر کے روز ملک سے بے دخل کر دیا جائے گا۔

یہ برطانوی صحافیوں ایرانی نشریاتی ادارے کے لیے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے اس عمل کے لیے معافی مانگ لی ہے۔

برطانوی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ’ہم حال ہی میں لیبیا میں قید کیے جانے والے برطانوی صحافیوں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘

طرابلس میں بی بی سی کے نامہ نگار وئیر ڈیوس کے مطابق تکنیکی طور پر کئی صحافی لیبیا میں غیر قانونی طور پر داخل ہوئے ہیں۔

ان دونوں صحافیوں کو مصراتہ بریگیڈ کی ملیشیا نے گرفتار کیا تھا اور بائیس فروری کو طرابلس لایا گیا۔

ان صحافیوں پر شروع میں جاسوسی کا الزام عائد کیا گیا تھا اور یھ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کے ان کے خلاف مقدمہ قائم کیا جائے گا۔

گذشتہ ہفتے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں ان صحافیوں نے غیرقانونی طور پر لیبییا میں داخل ہونے پر معافی مانگی۔ لیبیا کے حکام کا کہنا ہے ان صحافیوں کے ساتھ اچھا سلوک کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں