ریکارڈ لاٹری کا ایک اور حقدار سامنے آ گیا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption دنیا کا سب سے بڑا جیک پاٹ اکتیس مارچ کو جیتا گیا

امریکہ میں تاریخ کی سب سے بڑی لاٹری جیتنے والے تین افراد میں سے ایک اور فرد نے انعام کے حصول کے لیے متعلقہ ادارے سے رابطہ کر لیا ہے۔

چھ سو چھپن ملین ڈالر کا ریکارڈ انعام تین افراد نے جیتا ہے جن کا تعلق الینوائے، کنساس اور میری لینڈ سے ہے۔

کنساس سے تعلق رکھنے والے شخص نے حکام سے جمعہ کو رابطہ کیا تھا جبکہ میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے فاتح نے پیر کو حکام سے رابطہ کیا۔

الینوائے سے تعلق رکھنے والے فرد نے ابھی تک حکام سے رابطہ نہیں کیا ہے۔

پیر کو امریکی ریاست میری لینڈ میں میگا ملینز جیک پاٹ لاٹری کے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ انعامی ٹکٹ ریاست کے سب سے بڑے شہر بالٹی مور کے نواحی علاقے ملفرڈ مل میں ایک دکان سے خریدا گیا۔

میگا ملینز لاٹری کی ترجمان کیرول ایورٹ کا کہنا ہے کہ انعام جیتنے والا شخص اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتا۔

دنیا کا سب سے بڑا جیک پاٹ اکتیس مارچ کو جیتا گیا اور پینسٹھ کروڑ ساٹھ لاکھ امریکی ڈالر کی انعام رقم ان تین افراد میں تقسیم ہوگی اور انہیں فی کس دو سو اٹھارہ ملین ڈالر ملیں گے اور یہ رقم قابلِ ٹیکس ہوگی۔

یہ انعام حاصل کرنے والے افراد پر منحصر ہے کہ وہ پوری انعامی رقم چھبیس سالانہ اقساط میں حاصل کرنا چاہیں یا پھر یک مشت رقم لینا چاہیں جو کہ اصل انعام سے کم ہوگی۔

اسی بارے میں