’جنابِ صدر میری زندگی آپ کے ہاتھ میں ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption وائن سٹین کا تعلق امریکی ریاست میری لینڈ سے ہے

القاعدہ نے پاکستان کے شہر لاہور سے اغواء کیے جانے والے امریکی شہری وارن وائن سٹین کی ایک ویڈیو ریلیز کی ہے جس میں انہیں امریکی صدر براک اوباما سے شدت پسند گروپ کے مطالبات تسلیم کرنے کی درخواست کرتے دکھایا گیا ہے۔

ستّر سالہ وائن سٹین کو گزشتہ برس اگست میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ سے اغواء کیا گیا تھا اور بعدازاں القاعدہ نے ان کے اغواء کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

شدت پسندوں کے پیغامات پر نظر رکھنے والے گروپ سائٹ کے مطابق یہ ویڈیو اتوار کو القاعدہ کے میڈیا سیل الشہاب کی جانب سے جہادی فورمز پر ریلیز کی گئی ہے۔

اس ویڈیو میں انہیں شلوار قمیض میں ملبوس دکھایا گیا ہے اور وہ امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’جنابِ صدر میری زندگی آپ کے ہاتھ میں ہے۔ اگر آپ مطالبات تسلیم کرتے ہیں تو میں زندہ رہوں گا اور اگر ایسا نہیں کرتے تو میں مار دیا جاؤں گا‘۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’یہ ضروری ہے کہ(صدر اوباما) مطالبات کو جلد تسلیم کریں اور تاخیر نہ کریں۔ تاخیر کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور اس سے صرف میری مشکلات ہی بڑھیں گی‘۔

گزشتہ برس دسمبر میں شدت پسند تنظیموں کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری نے وائن سٹین کی رہائی کے بدلے افغانستان، پاکستان، صومالیہ اور یمن میں فضائی اور ڈرون حملے بند کرنے اور القاعدہ کے ارکان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

وائن سٹین کے اغواء کے بعد ان کے ادارے نے ان کی صحت کے بارے میں خدشات ظاہر کیے تھے۔ ویڈیو میں وائن سٹین کو اپنی اہلیہ کو بھی مخاطب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور وہ ان سے کہہ رہے ہیں کہ ’میں ٹھیک ہوں اور اپنی ادویات لے رہا ہوں۔ میری دیکھ بھال کی جا رہی ہے‘۔."

وائن سٹین کا تعلق امریکی ریاست میری لینڈ سے ہے اور وہ پاکستان میں کام کرنے والی ایک امریکی کمپنی کے کنٹری ڈائریکٹر تھے۔

اسی بارے میں