یورو بحران سے مل کر نمٹیں گے: اولاند

ہولیندے اور مارکر تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فرینک ہولیندے نے کل ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے

فرانس کے نو منتخب صدر فرانسوا اولاند نے جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل سے وعدہ کیا ہے وہ یورو کے بحران سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

صدر کا عہدے کا حلف اٹھانے کے چند گھنٹے بعد برلن میں جرمن چانسلر کے ساتھ مذاکرات کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ چاہتے ہیں قرض میں ڈوبا یونان یورو زون کا حصہ رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سبھی ممالک معاشی ترقی کے اضافے کے لیے کام کریں اور اس کے لیے وہ اپنے منصوبے سب کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’صدارتی انتخاب کی مہم کے دوران ترقی کے لیے میں نے جو اقدامات تجویز کیے تھے ان پر دوبارہ بات چیت کرنا چاہتا ہوں‘۔

اس موقع پر اینگلا مرکل نے کہا ہے کہ فرانس اور جرمنی اس بات پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں کہ یونان میں معیشت کی بحالی کے لیے ممکنہ اضافی اقدامات کیسے یقینی بنائے جا سکتے ہیں۔

یونان اپنے قرضوں کی ادائیگی کرنے کے قابل نہیں رہا ہے اور خدشہ ہے کہ اس کے دیوالیہ ہونے سے یورپ کا اقتصادی استحکام خطرے میں پڑ سکتا ہے جس سے یوروزون اتحاد کے ٹوٹنے کا بھی ڈر ہے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین اور آئی ایم ایف نے یونان سے کہا تھا کہ اسے ایک سو تیس بلین یورو کا جو امدادی پیکج دیا گیا ہے اس کے بدلے میں وہ کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات کرے۔

یونان یہ بچت کرنے کی کوشش میں مصروف ہے اور یورو زون اتحاد کا کہنا ہے کہ یونان کو رواں برس بتیس کروڑ پچاس لاکھ یورو کی مزید بچت کرنا ہوگی۔

اس کا اصرار ہے کہ یونانی رہنما اس بات کی یقین دہانی کرائیں کہ بچت کا پیکج نافذ کیا جائے گا۔

فرانسوا اولاند اور محترمہ مرکل نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں یونان یوروزون کا حصہ بنا رہے۔ مرکل نے کہا ’ہم چاہتے ہیں یونان یورو زون کا حصہ رہے اور یونان کے بیشتر عوام ہم سے اتفاق رکھتے ہیں‘۔

واضح رہے کہ یوروو زون کے سترہ ممبران ممالک میں فرانس اور جرمنی سب سے بڑی اور طاقتور معشیتیں ہیں اور یورپ کو معاشی بحران سے نکالنے میں ان دونوں ممالک کا کردار انتہائی اہم ہے۔

منگل کی صبح شائع ہونے والے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس برس کے شروعاتی تین ماہ میں فرانس کی معیشت نے مثبت ترقی نہیں کی ہے جبکہ اسی دوران جرمنی کی معیشت نے توقع سے 5۔0 فیصد زیادہ ترقی درج کی ہے۔

اسی بارے میں