شام:’روس کوفی عنان کے منصوبے کا حامی‘

روس اور دیگر عالمی طاقتیں اقوامِ متحدہ کے ایلچی کوفی عنان کی شام میں سیاسی تبدیلی کے لیے ایک قومی اتحادی حکومت کے قیام کی تجویز کی حمایت پر تیار ہوگئے ہیں۔

مغربی سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ اس قومی کابینہ میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان شامل ہو سکتے ہیں لیکن کسی ایسے فرد کو اس میں شامل نہیں کیا جائے گا جس سے اس کی ساکھ متاثر ہو۔

اگرچہ مغربی ممالک اس قومی حکومت میں موجودہ صدر بشار الاسد کی شمولیت کو خارج از امکان قرار دے رہے ہیں لیکن یہ واضح نہیں کہ آیا روس بھی اس خیال سے متفق ہے یا نہیں۔

قومی اتحادی حکومت کے خیال پر سنیچر کو شام کے معاملے پر اقوامِ متحدہ کا ایکشن گروپ غور کرے گا۔