میکسیکو: اینرکیو پینا صدارتی انتخابات جیت گئے

تصویر کے کاپی رائٹ AP

میکسیکو میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق سابق حکمران جماعت (پی آر آئی) دوبارہ اقتدار حاصل کر لے گی۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی آر آئی کے امیدوار اینرکیو پینا نے صدارتی انتخابات جیت لیے ہیں۔

پینتالیس سالہ پینا اپنے مخالف امیدوار ایندراس مینوئل سے کچھ علاقوں میں اڑتیس فیصد جبکہ باقی میں متعدد پوائنٹس سے آگے تھے۔

میکسیکو میں منشیات کے گروہوں کی جانب سے دہشت گردی کی ممکنہ کارروائی کے خوف کی وجہ سے انتخابات کے دوران ہزاروں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

میکسیکو کے شہری صدر کے علاوہ ملک کی نئی پارلیمان کانگریس اور چند ریاستی گورنروں کا انتخاب بھی کر رہے ہیں۔

میکسیکو میں انتخابات کے بعد پی آر آئی کے ہیڈ کوارٹرز میں جشن جاری ہے۔

انتخابات جیتنے کے بعد اینرکیو پینا کا کہنا تھا ’ان انتخابات میں ہم سب جیتے ہیں، میکسیکو جیتا ہے۔ یہ اس کام کا آغاز ہے جو ہمارے سامنے ہے۔‘

اینرکیو پینا نے میکسیکو کے شہریوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پی آر آئی کو حکومت کرنے کا دوسرا موقع فراہم کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت منظم جرائم کے ساتھ کوئی معاہدہ یا جنگ بندی نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ پی آر آئی اکہتر برس اقتدار میں رہی تاہم اسے سنہ دو ہزار میں شکست ہوئی۔

میکسیکو کی انتخابی مہم کے دوران ملک کی معیشت اور منشیات کے خلاف جنگ نمایاں رہی۔

دریں اثناء میکسیکو کے رخصت ہونے والے صدر فلپ کالڈیرون نے اینرکیو پینا کو صدارتی انتخابات جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ دسمبر میں اقتدار کی منتقلی تک ان کے ساتھ کام کرنے پر تیار ہیں۔

اسی بارے میں