بھارت کے شہر پونے میں چار بم دھماکے

تصویر کے کاپی رائٹ PTI

بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے پونے شہر میں چار مختلف مقامات پر سیریل بم دھماکے ہوئے ہیں ۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکے ہلکی نوعیت کے تھے اور ان میں کسی کو نقصان نہیں پہنچا ہے ۔

دھماکے شام پونے آٹھ بجے کے بعد سات منٹ کے وقفے سے ہوئے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آئی دھماکے میکڈونلڈ رریّسٹورانٹ ، دینا بینک ، گڑوارے چوک اور ایک تھیٹر کے باہر ہوئے۔ یہ سبھی مقامات ایک ہی سڑک جنگلی مہاراج روڈ پر ایک دوسرے سے کچھ دوری پر واقع ہیں ۔یہ علاقہ شہر کا فیشن ایبل علاقہ ہے اور یہاں نوجوانوں کی بھیڑ رہتی ہے ۔

دھماکے کے فوراً بعد انسداد دہشت گردی دستہ موقع پر پہنچ گئے۔

دلی سے ہمارے نامہ نگار شکیل اختر نے خبر دی ہے کہ وزارت داخلہ کے اعلٰی اہلکار پونے کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں۔

جن مقامات پر دھماکے ہوئے ہیں وہاں بڑی تعداد میں پولیس پہنچ گئی ہے اور متعدد راستے بند کر دیئے گئے۔ پولیس لوگوں سے اپنے گھروں کو واپس جانے کی اپیل کر رہی ہے ۔

دھماکے کے ایک مقام پر ایک سائیکل پائی گئی ہے جس میں بظاہر ہینڈل میں لگے ہوئے بیگ میں بم رکھا گیا تھا ۔

یہ دھماکے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب سشیل کمار شندے نے آج ہی مرکزی وزیر داخلہ کا عہدہ سنبھالا ہے اور وہ آج رات پونے شہر کے دورے پر جانے والے تھے لیکن ان کا دورہ آخری وقت میں دیگر مصروفیات کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

پونے شہر میں اس سے قبل بھی گزشتہ برسوں میں دو بار بم دھماکے ہو چکے ہیں ۔