امریکہ:گوردوارے پر فائرنگ، سات افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اتوار کی صبح جس وقت حملہ کیا گیا اس وقت گوردوارے میں سب سے زیادہ لوگ جمع ہوتے ہیں

امریکی ریاست وسکونسن میں حکام کے مطابق سکھ برادری کے گوردوارے پر ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک حملہ آور سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق اوک کریک شہر میں سکھ برادری کی عبادت گاہ پر ہونے والے اس حملے میں ایک پولیس افسر بھی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق پولیس افسر کی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا ہے۔

دریں اثناء امریکی صدر براک اوباما نے واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پولیس نے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کہ گوردوارے میں اب بھی مسلح حملہ آور موجود ہیں۔

پولیس کے مطابق صورتحال ابھی غیر واضح ہے۔

پولیس نے صحافیوں کو گوردوارے سے پیچھے ہٹا دیا ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ وہ فضائی سے حاصل کردہ مناظر نشر نہ کریں کیونکہ اس سے آپریشن متاثر ہو سکتا ہے۔

سنیی سنگھ نے ریڈیو نیوز ڈبلیو ٹی ایم جے کو بتایا ہے کہ ان کی گوردوارے میں موجود اپنے دوست سے بات ہوئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

’میرے دوست نے مجھے فون کر کے بتایا کہ اس نے فائرنگ کی آواز سنی ہے اور دو لوگوں کو پارکنگ کے احاطے میں گرتے ہوئے دیکھا ہے اور حملہ آور اپنی بندوق میں گولیاں بھر رہا تھا۔‘

پولیس سربراہ کے مطابق گرینج کے معیاری وقت کے مطابق تین بج کر پچیس منٹ پر ہنگامی سروسز کے نمبر 911 پر مدد کے لیے فونز کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ان ٹیلی فون کالز کے بعد وہاں ایک پولیس اہلکار کو بھیجا گیا تو اس پر ایک مسلح حملہ آور نے فائرنگ کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق گوردوارے میں تین جبکہ اس کے باہر چار افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ہلاک ہونے والوں میں ایک مسلح حملہ آور بھی شامل ہے۔

پولیس سربراہ وینٹلینٹ کے مطابق ان کے پاس ابھی تک کی یہ بہترین اطلاعات ہیں لیکن ان میں تبدیلی بھی آ سکتی ہے۔

اوک کریک کی آبادی تیس ہزار کے قریب ہے۔

گوردوارے کی ویب سائٹ کے مطابق یہ سنہ انیس سو ننانوے میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس میں ساڑھے تین سو سہ چار سو افراد اجتماعی طور پر عبادت کر سکتے ہیں۔

ویب سائٹ کے مطابق اتوار کی صبح سب سے زیادہ لوگ یہاں عبادت کے لیے جمع ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کی اکیس تاریخ کو امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر آرورا کے ایک سینما گھر میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے بارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں