مٹ رومنی ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار

آخری وقت اشاعت:  بدھ 29 اگست 2012 ,‭ 01:24 GMT 06:24 PST

نومبر میں مٹ رومنی امریکہ کےصدارتی انتخاب میں براک اوباما کے مدِ مقابل ہوں گے

امریکہ میں سیاسی جماعت ریپبلکن پارٹی نے مٹ رومنی کو باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں منعقدہ ایک اجلاس میں ریاست میسے چوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی کو آئندہ صدارتی انتخاب کے لیے صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا۔

اس اجلاس میں تمام ریاستوں اور علاقوں سے مندوبین نے شرکت کی۔

اجلاس میں چھیاسٹھ سالہ رہنما مٹ رومنی کو صدارتی امیدوار منتخب ہونے کے لیے کم از کم گیارہ سو چوالیس ووٹ درکار تھے۔

امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر جان بوہنر نے مٹ رومنی کی دو ہزار اکسٹھ ووٹوں سے جیت کا اعلان کیا۔

مٹ رومنی رواں سال نومبر میں منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات میں صدر براک اوباما کے مدمقابل ہونگے۔

مٹ رومنی اس اجلاس میں شریک نہیں تھے لیکن انہوں نے اجلاس کے مقام سے کچھ فاصلے پر واقع ایک ہوٹل میں اپنی اہلیہ کے ساتھ ووٹنگ کے عمل کو دیکھا۔

پرائمری الیکشن کے دوران تمام ریاستوں کے دوروں کے بعد رواں سال مئی میں ہی انہیں مندوبین کی اتنی حمایت حاصل ہو گئی تھی کہ وہ باضابط طور پر امیدوار منتخب ہو سکیں تاہم ٹمپا میں پارٹی کے اعلان کے بعد انہیں اب باضابط طور پر انتخابی مہم چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔

اس سے پہلے سال دو ہزار آٹھ میں بھی مٹ رومنی صدارتی امیدواروں کی دوڑ میں شامل تھے لیکن منتخب نہیں ہو سکے تھے۔

مٹ رومنی کو نامزد کرنے کے چند منٹ کے بعد ہی نائب صدر کے عہدے کے لیے پال رائن کو باضابط طور پر نامزد کیا گیا۔

بیالیس سالہ پال رائن وسکونسن سے ممبر کانگریس ہیں۔

امریکہ میں رائے عامہ کے تازہ اعداو شمار کے مطابق ڈیموکریٹک رہنما صدر براک اوباما اور مٹ رومنی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔