مالی کے اہم شہر پر شدت پسندوں کا قبضہ

آخری وقت اشاعت:  اتوار 2 ستمبر 2012 ,‭ 00:05 GMT 05:05 PST

افریقہ کے ملک مالی میں اسلامی شدت پسندوں نے ملک کے وسط میں واقع اہم شہر دواینتزا پر قبضہ کر لیا ہے جس کے بعد ان کا کنٹرول ملک کے شمالی علاقوں تک ہو گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق اتحاد اور جہاد کی تحریک نامی تنظیم نے شہر کی ملیشیا سے مختصر سی لڑائی کے بعد شہر کا کنٹرول سنبھال لیا۔

اس اہم شہر پر قبضہ کرنے کے بعد شدت پسند حکومت کے کنٹرول میں جنوب مغربی علاقے کے اور قریب آ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ شدت پسندوں نے مارچ میں سیاسی بحران کے بعد مالی کے شمالی علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔

دواینتزاشہر کے رہائشیوں کے مطابق گاڑیوں پر شدت پسند شہر میں ہفتے کی صبح داخل ہوئے۔

اسلامی رہنما عمر حماہا نے امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ شدت پسندوں نے شہر کا محاصرہ کر لیا تھا اور مقامی ملیشیا کو متنبہ کیا کہ وہ ہتھیار پھینک دیں۔

’ملیشیا نے فون کر کے مدد کے لیے کہا لیکن جب ان کو یہ واضح ہو گیا کہ کوئی مدد کے لیے نہیں آ رہا تو انہوں نے ہتھیار ڈال دیے۔‘

رہائشیوں کے بقول ملیشیا کے کچھ اہلکار بھاگ گئے جبکہ باقیوں کو شدت پسندوں نے تحویل میں لے لیا ہے۔

ی7اد رہے کہ اس سال جولائی میں مالی کے تاریخی شہر ٹمبکٹو کی معروف مسجد پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا تھا۔

علاقے کے لوگوں نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے پندرہویں صدی کی تعمیر شدہ سدی یحییٰ کی تاریخی مسجد کا دروازہ توڑ دیا۔

اس سال کے شروع میں مبینہ طور پر القاعدہ سے منسلک انصار داعین گروہ نے شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔

اس گروہ نے اس سے قبل بھی شہر کی کئی زیارت گاہوں تباہ کیا اور اس سلسلے میں ان کا یہ کہنا ہے کہ یہ اسلام کے منافی ہیں۔

انصار داعین کے ترجمان سانڈا آولڈ بمانا نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ہماری تحریک نے اس سلسلے میں اپنے تقریباً نوے فیصد اہداف پورے کر لیے ہیں اور ایسی تمام زیارت گاہوں کو برباد کردیا ہے جو شریعت کے خلاف ہیں۔

انھوں نے کہا تھا کہ شریعت زمین سے پندرہ سنٹی میٹر یا چھ انچ سے زیادہ ابھری ہوئی قبروں کی اجازت نہیں دیتی۔ ثقافتی وراثت کے امریکی ادارے یونیسکو کے مطابق سدی یحییٰ کی مسجد کا ٹمبکٹو کی تین اہم مساجد میں شمار ہوتا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔