’شام کا حل ناممکن نہیں، تقریباً ناممکن ہے‘

آخری وقت اشاعت:  پير 3 ستمبر 2012 ,‭ 06:38 GMT 11:38 PST

لخدار براہیمی الجیریاء کے سابق وزیرِ خارجہ بھی رہ چکے ہیں

شام کے معاملے پر اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ ایلچی اخضر ابراہیمی نے اپنا نیا عہدہ سنبھالتے ہوئے شام کے معاملے میں قدرے ناامیدی ظاہر کی ہے۔

بی بی سی بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنے مشن کو تقریباً ناممکن قرار دیا۔

اقوام متحدہ کے تجربہ کار سفارتکار ابراہیمی کو اس وقت مشترکہ ایلچی کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے جب ان سے پہلے کوفی عنان نے یہ کہہ کر استعفیٰ دے دیا تھا کہ انہیں اس مسئلے کا کوئی حل نظر نہیں آ رہا تھا۔

کوفی عنان کی جانب سے امن معاہدے کے باوجود شام میں کشیدگی بڑھتی رہی ہے۔

کارکنوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ مارچ میں شروع ہونے والی حکومت مخالف تحریک کے آغاز سے اب تک بیس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

باغیوں کی حمایتی انسانی حقوق کی نگراں ایک تنظیم سیریئن اوبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا اتوار کو کہنا تھا کہ صرف اگست کے ماہ میں پانچ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شام میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے اور یہ ایک مکمل خانہ جنگی کی شکل اختیار کر رہی ہے۔ چند اندازوں کے مطابق دس لاکھ افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

گزشتہ ماہ شام میں کوفی عنان امن معاہدے کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ کے امن مشن کے مینڈیٹ میں توسیع نہیں کی گئی تھی اور اسے واپس بلا لیا گیا تھا۔

اخضر ابراہیمی کا کہنا تھا کہ وہ اس سلسلے میں کسی بھی مغالطے کا شکار نہیں ہیں۔ ’مجھے معلوم ہے یہ کس قدر مشکل کام ہے۔۔۔ میں یہ نہیں کہ سکتا کہ یہ ناممکن ہے مگر یہ تقریباً ناممکن ہے۔‘

ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ چند ہی لوگوں کا خیال ہے کہ اخضر ابراہیمی اس معاملے میں کچھ زیادہ پیش رفت کر سکیں گے۔

الجیریا کے سابق وزیرِ خارجہ رہنے کے علاوہ اخضر ابراہیمی اقوام متحدہ کے کئی اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں جن میں اقوام متحدہ کے افغانستان کے ایلچی اور لبنانی خانہ جنگی کو ختم کرنے کے لیے ثالث شامل ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔