کیٹ کی تصاویر آئرلینڈ کے اخبار میں بھی

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 15 ستمبر 2012 ,‭ 15:55 GMT 20:55 PST
کیٹ مڈلٹن

ڈیلی آئرش سٹار وہ دوسرا اخبار ہے جس نے شہزادی کی نیم برہنہ تصاویر شائع کی ہیں۔

جمہوریہ آئرلینڈ کے اخبار آئرلینڈ ڈیلی سٹار نے برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کی نیم برہنہ تصاویر شائع کی ہیں۔ یہ تصاویر اس وقت خفیہ طریقے سے کھینچی گئی تھیں جب وہ فرانس میں چھٹی منا رہی تھیں۔

اخبار کے مدیر مائیک اوکین نے کہا ہے کہ تصاویر اخبار کے شمالی آئرلینڈ یا برطانوی ایڈیشنز میں نہیں شائع کی جا رہیں۔

لیکن شاہی محل کی ترجمان نے کہا کہ ’اس عمل کا محرک لالچ کے سوا کچھ نہیں۔‘

جمعے کے روز شاہی محل نے اعلان کیا تھا کہ وہ فرانسیسی میگزین کے خلاف مقدمہ دائر کرے گا جس نے پہلے یہ تصاویر شائع کی تھیں۔

مدیر نے کہا کہ انہیں برطانیہ میں تصویر پر ہونے والے ردِعمل پر بڑی حیرت ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تصاویر کی اشاعت سے صرف برطانیہ ہی میں مسئلہ پیدا ہوا ہے، بقیہ یورپ میں نہیں۔

’شہزادی کی تصاویر کسی بھی اور مشہور شخصیت کی تصاویر سے مختلف نہیں ہیں، مثال کے طور پر ریحانہ یا لیڈی گاگا۔‘

’وہ آئرلینڈ کی مستقبل کی ملکہ نہیں ہیں، اس لیے صرف برطانیہ ہی میں غم و غصے کا اظہار ہوا ہے۔‘

بی بی سی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے اوکین نے کہا کہ انھوں نے شہزادی کی تصویریں ’اپنے قارئین کی خدمت‘ کے تحت چھاپی ہیں۔

’انھوں نے شاہی خاندان میں شادی کی ہے، وہ دنیا کی ایسی شخصیات میں شامل ہیں جن کی سب سے زیادہ تصویریں لی جاتی ہیں، اور (اس کے باوجود) انھوں نے ایک ایسی بالکونی پر کپڑے اتارنے کا فیصلہ کیا جو ایک عوامی سڑک سے نظر آتی ہے۔ اب انھیں حیرت ہو رہی ہے، یا شاہی محل لوگوں کی دلچسپی پر برہم ہے۔‘

’ظاہر ہے کہ لوگ اس میں دلچسپی لیں گے۔‘

تصاویر کی اشاعت کی خبر اس وقت سامنے آئی جب فرانسیسی گپ شپ کے میگزین ’چی‘ نے کہا تھا کہ وہ اگلے ہفتے 26 صفحوں کے خصوصی ایڈیشن میں یہ تصاویر شائع کرے گا۔

شاہی ترجمان نے کہا کہ وہ اٹلی میں تصاویر کی اشاعت کے خلاف ممکنہ قانونی کارروائی پر تبصرہ نہیں کریں گی، سوائے کہ ’تمام مناسب ردِعمل زیرِ غور ہیں۔‘

کسی برطانوی جریدے نے یہ تصاویر شائع نہیں کیں، اور برطانوی اخباروں نے ان اخباروں پر نکتہ چینی کی ہے جنھوں نے تصاویر شائع کی ہیں یا انھیں شائع کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔