زمبابوے: وزیراعظم دوسری شادی نہیں کر سکتے

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 15 ستمبر 2012 ,‭ 08:20 GMT 13:20 PST
مارگن سوانگی

شادی کی اس تقریب میں میں کئی ممالک کے سربراہ شریک ہونے والے تھے

زمبابوے کی ایک عدالت نے ملک کے وزیر اعظم مورگن چینگرائی کی سنیچر کو ہونے والی دوسری شادی پر یہ کہہ کر پابندی لگا دی ہے کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں۔

اس سے قبل اس ہفتے کے شروعات میں ایک ذیلی عدالت نے کہا تھا کہ لوکادیا تیبمو کی وزیر اعظم مورگن چینگرائی سے دوسری شادی غیر قانونی ہے۔

واضح رہے کہ لوکادیا تیمبو وزیر اعظم مورگن چینگرائی کی دوسری بیوی ہیں جن سے انہوں نے گزشتہ نومبر میں روایتی طور پر شادی کی تھی۔

اس کے بعد ایک مجسٹریٹ نے لوکادیا تیمبو سے اتفاق کرتے ہوئے مورگن چینگرائی کی حالیہ شادی پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اس شادی کی تقریب میں میں کئی ممالک کے سربراہ شریک ہونے والے تھے۔

مورگن چینگرائی کے وکلاء اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ عدالت ان کی شادی پر جلد سے جلد پابندی ہٹا لے تاکہ ان کی شادی ہوسکے۔

اس سے قبل جمعہ کو مورگن چینگرائی کے وکلاء نے شادی روکنے کی ایک اور قانونی کاروائی کو اس وقت ناکام کردیا تھا جب جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی نوزیفو شلوبین نے عدالت میں یہ دعوی کیا تھا کہ مورگن چینگرائی نے ان سے شادی کا وعدہ کیا ہوا ہے۔

بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ مورگن چینگرائی کی شادی سے متعلق تمام عدالتی کاروائیاں اس سیاسی چال کی کوشش ہے جس کے تحت آئندہ عام انتخابات سے پہلے مورگن چینگرائی کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ آئندہ عام انتخابات میں مورگن چینگرائی صدر رابرٹ موگابے کو چلینج کرنے والے ہیں۔

بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس کے لیے خود مورگن چینگرائی ذمہ دار ہیں کیونکہ ان کی اہلیہ کی کار حادثے میں انتقال کے بعد اور سنہ دو ہزار نو میں وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد ان کے کئی خواتین کے ساتھ تعلقات رہے ہیں۔

زمببوے میں بی بی سی کے نامہ نگار برین ہونگوے کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مورگن چینگرائی کی دوسری شادی کی تقریب شمالی ہرارے کی ایک متمول علاقے میں ہونے والی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔