گیٹس لگاتار انیسویں برس امیر ترین امریکی

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 20 ستمبر 2012 ,‭ 04:50 GMT 09:50 PST

امریکی تجارتی جریدے فوربز کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس امریکہ کے امیر ترین شخص ہیں۔

انہیں یہ اعزاز لگاتار انیسویں برس حاصل ہوا ہے اور اب کے اثاثوں کی مالیت گزشتہ سال کی نسبت سات ارب ڈالر کے اضافے کے بعد چھیاسٹھ ارب ڈالر ہوگئی ہے۔

فوربز کی امریکہ کے چار سو امیر ترین افراد کی تازہ ترین فہرست میں گزشتہ سال کی پہلی پانچ پوزیشنوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔

کاروباری جریدے کے مطابق اس سال امیر ترین امریکیوں کی مجموعی دولت تیرہ فیصد اضافے کے ساتھ ایک اعشاریہ سات ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور یہ امریکی معیشت کا آٹھواں حصہ ہے۔

اس فہرست میں دوسرا نام سرمایہ کار وارن بفے کا ہے جو کہ انشورنس کمپنی برکشائر ہیداوے کے چیف ایگزیکٹو اور چیئرمین ہیں۔ ان کے اثاثوں کی مالیت چھیالیس ارب ڈالر ہے۔

تیسرے نمبر پر سافٹ ویئر کمپنی اوریکل کے سربراہ لیری الیسن ہیں جو اکتالیس ارب ڈالر کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

فہرست میں چوتھا مقام اکتیس ارب ڈالر کے ساتھ کوچ انڈسٹریز کے ڈیوڈ اور چارلس کوچ کو ملا ہے۔

اس کے علاوہ وال مارٹ کمپنی سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے چار ارکان دس امیر ترین امریکیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

فوربز کے مطابق دو ہزار بارہ میں امیر ترین افراد کی اکثریت کی دولت میں اضافہ ہوا اور چار سو میں سے دو سو اکتالیس افراد مزید امیر ہوئے اور صرف چھیاسٹھ کی دولت میں کمی دیکھی گئی۔

اس فہرست میں جس شخصیت کے اثاثوں میں سب سے زیادہ کمی ہوئی وہ فیس بک کے بانی اور چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ ہیں جو کمپنی کے حصص کی خراب کارکردگی کی وجہ سے چودہویں سے چھتیسویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

اس برس کے اثاثوں میں تقریباً پچاس فیصد کی کمی ہوئی اور اب ان کی مالیت نو ارب چالیس کروڑ ڈالر کے لگ بھگ ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔