کاسترو نے افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا

آخری وقت اشاعت:  پير 22 اکتوبر 2012 ,‭ 10:28 GMT 15:28 PST
فیڈل کاسٹرو

مسٹر کاسٹرو نے بطور ثبوت یہ نئی تصویر بھی شائع کی ہے

کیوبا کے انقلابی رہنما فدیل کاسترو نے اپنی صحت سے متعلق افواہوں کی ایک مضمون کے ذریعے سختی سے تردید کی ہے۔

عالمی میڈیا میں اس طرح کی خبریں آتی رہی ہیں کہ فدیل کاسترو اب بستر مرگ پر ہیں لیکن چھیاسی سالہ رہنما نے اس کی تردید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان کی صحت اچھی ہے۔

فدیل کاسترو نے اپنی صحت سے متعلق عالمی ذرائع ابلاغ کی خبروں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے مقامی ذرائع ابلاغ میں اپنی تصویریں بھی شائع کی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور انہیں تو یہ بھی یاد نہیں کہ آخری بار انہیں سر درد کب ہوا تھا۔

اپنے مضمون میں فدیل کاسترو نے لکھا کہ’دنیا کے بہت سے لوگوں کو اس طرح کی خبروں سے حیرانی ہوئی ہے جو مراعات یافتہ لوگوں کی وجہ سے ہے اور ایسی بیوقوفیوں کو دنیا کے مالدار ترین لوگ شا‏ئع کرتے ہیں۔ لوگ بھی اب ان میں کم سے کم یقین کرتے ہیں۔‘

انہوں نے لکھا ہے کہ وہ مطالعہ کرنے اور لکھنے میں مصروف رہے ہیں اور دانستہ طور پر عوامی زندگی سے الگ رہے ہیں۔’ کیونکہ میرا کام اخباروں کے صفحات میں جگہ لینا نہیں ہے۔‘

"دنیا کے بہت سے لوگوں کو اس طرح کی خبروں سے حیرانی ہوئی ہے جو مراعات یافتہ لوگوں کی دین ہے اور ایسی بیوقوفیوں کو دنیا کے مالدار ترین لوگ شا‏ئع کرتے ہیں۔ لوگ بھی اب ان میں کم سے کم یقین کرتے ہیں۔"

انہوں نے مزید لکھا کہ’مجھے تو یہ بھی یاد نہیں کہ سر درد کیا ہے۔ یہ بتانے کے لیے کہ وہ کتنے جھوٹے ہیں میں یہ تصوریں بھی مضمون کے ساتھ پیش کر رہا ہوں۔‘

یہ تصویریں ان کے بیٹے الیکس نے لی ہیں جن میں سے بعض میں وہ جمعہ کو شائع ہونے والے کمیونسٹ اخبار کا مطالعہ کر رہے ہیں۔

اتوار کے روز وینزویلا کے رہنما الیاس جاوا نے کہا تھا کہ انہوں نے فدیل کاسترو کے ساتھ سنیچر کو پانچ گھنٹے تک ملاقات کی تھی۔ انہوں نے اس ملاقات کی تصاویر دکھائیں اور کہا کہ ان کی صحت بہت اچھی ہے۔

آخری بار فدیل کاسترو کی تصویریں مارچ میں اس وقت شائع ہوئی تھیں جب دورہ کرنے والے پوپ بینیڈکٹ نے ان سے کیوبا میں ملاقات کی تھی۔

اس کے بعد سے عوام میں ان کے نا آنے سے ایسی خبریں آنے لگیں کہ شاید ان کی صحت خراب ہے یا پھر وہ انتقال کر گئے ہوں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔