جنسی سکینڈل: بی بی سی کا اظہارِ افسوس

آخری وقت اشاعت:  منگل 23 اکتوبر 2012 ,‭ 15:44 GMT 20:44 PST

بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل جارج اینٹ وسل

بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل جارج اینٹ وسل نے برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ جمی سیول کے خلاف جنسی زیادتی کے دعووں کے بارے میں بی بی سی کے پروگرام نیوز نائٹ کی تفتیش کو نہیں روکنا چاہیے تھا۔

لیکن جارج اینٹ وسل نے ایوانِ دارالعوام کی ثقافتی کمیٹی کے ارکان کو بتایا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ بی بی سی کے سابق پیش کار کے خلاف رپورٹ کو بی بی سی کی انتظامیہ کے دباؤ کے تحت واپس لیا گیا۔

بی بی سی کے سربراہ نے بتایا کہ انھوں نے نیوزنائٹ کے ایڈیٹر سے کہا ہے کہ وہ تفتیش کے دوران اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں۔

انھوں نے کہا کہ بی بی سی سابق اور حالیہ ملازمین کے خلاف دس ’سنگین الزامات‘ کی تفتیش کر رہی ہے۔

کمیٹی کے سامنے دو گھنٹے تک جرح کا سامنا کرتے ہوئے اینٹ وسل نے کہا کہ ماضی میں بی بی سی کو کام کے ماحول کا بڑا مسئلہ رہا ہے جس کی وجہ سے سیول کو ان زیادتیوں کا موقع ملا۔ سیول ساٹھ، ستر اور اسی کی دہائیوں میں باقاعدگی سے ٹی وی پر پیش ہوتے تھے۔

"بظاہر بی بی سی کے ماحول نے انھیں اس کا موقع فراہم کیا۔ اس سے ہم پر اعتماد اور نیک نامی پر انگلیاں اٹھیں گی۔"

جارج اینٹ وسل

انھوں نے کمیٹی کو بتایا کہ ’جمی سیول کے طرزِعمل اور بی بی سی کے روّیے پر دو آرا نہیں ہیں، بظاہر بی بی سی کے ماحول نے انھیں اس کا موقع فراہم کیا۔ اس سے ہم پر کیے جانے والے اعتماد اور ہماری نیک نامی پر انگلیاں اٹھیں گی۔‘

’یہ ایک انتہائی سنگین مسئلہ ہے۔ یہ بات ہولناک ہے کہ ان کی سرگرمیاں اتنے طویل عرصے تک جاری رہیں۔‘

جمی سیول کا گزشتہ برس چوراسی سال کی عمر میں انتقال ہوا۔ پولیس کے مطابق وہ جنسی شکاری تھے، اور کہا جاتا ہے کہ انھوں نے چالیس سال کے عرصے میں کم سن لڑکیوں سمیت بہت سی خواتین کو جنسی جارحیت کا نشانہ بنایا۔

پولیس اس کیس کی تفتیش کر رہی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔