’برلسکونی سزا کے خلاف اپیل کریں گے‘

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 27 اکتوبر 2012 ,‭ 03:00 GMT 08:00 PST
برلسکونی

برلسکونی کو چار سال کی ‎سزا سنائی گئی ہے۔

اٹلی کے سابق وزیراعظم سلویو برلسکونی کے وکلاء کے مطابق وہ ٹیکس فراڈ کے جرم میں ملنے والی ایک برس قید کی سزا کے خلاف اپیل کریں گے۔

اطالوی ذرائع ابلاغ کے مطابق وکلاء دس نومبر تک یہ اپیل دائر کریں گے اور اس پر فیصلہ ہونے میں کئی برس لگ سکتے ہیں۔

جمعہ کو سلویو برلسکونی کو ٹیکس فراڈ کے ایک مقدمے میں میلان کی ایک عدالت نے چار سال قید کی سزا سنائی گئی جسے بعدازاں کم کر کے ایک سال کر دیا گیا تھا۔

انہیں پانچ سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہل بھی قرار دیا گیا ہے۔

برلسکونی اور ديگر افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے امریکی فلم کے حقوق قیمت سے زیادہ داموں میں دو غیر ملکی کمپنیوں کے ذریعے خریدے تھے۔اطلاعات کے مطابق یہ دونوں کمپنیاں ان کےکنٹرول میں تھیں۔

سابق اطالوی وزیراعظم نے اس سزا کو ’عدالت کی جانب سے ہراساں کرنے کی ناقابلِ برداشت کوشش‘ قرار دیا ہے۔

انہیں اس سے قبل اپنے کاروبار سے متعلق کئی بار مقدمات کا سامنا رہا ہے لیکن ان میں انہیں یا تو باعزت بری کر دیا گیا ہے یا سماعت نے حد سے زیادہ وقت لے لیا اور مقدمہ خارج کر دیا گیا۔

اطالوی قانون کے مطابق بدعنوانی کے بعض معاملوں کی جانچ کے لیے مدت طے ہوتی ہے اور اس مدت کے ختم ہوجانے پر اسے بند کر دیا جاتا ہے۔

جمعہ کو جس کیس میں عدالت نے برلسکونی کو ‎سزا سنائی ہے ان میں استغاثہ کا کہنا ہے فلم کا حقوق خریدنے کے لیے جو پیسے ظاہر کیے گئے تھے اس کا کچھ پیسہ دوسرے فنڈ میں استعمال کیا ہوا دکھایا گیا تھا تاکہ ٹیکس کم ادا کرنا پڑے۔

عدالت نے انہیں کسی سرکاری عہدے پر فائز رہنے پر بھی پابندی لگا دی ہے لیکن اس فیصلے پر اسی وقت عمل درآمد کیا جا سکتا ہے جب اعلی ٰعدالت اس پر اپنی مہر ثبت کر دے۔

واضح رہے کہ برلسکونی گذشتہ بیس برس سے اٹلی کی سیاست میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں جبکہ اس کیس کی سماعت چھ سال قبل شرو‏ع ہوئی تھی۔

اس سے سابق وزیراعظم کو تین مختلف مقدمات کا سامنا تھا اور وہ وزارتِ عظمیٰ کا منصب چھوڑنے کے بعد پہلی بار کسی مقدمہ میں عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔