امریکہ مخالفین کی امداد کر رہا ہے: کیوبا

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 3 نومبر 2012 ,‭ 01:42 GMT 06:42 PST

کیوبا میں انٹرنیٹ تک رسائی انتہائی محدود ہے

لاطینی امریکہ کے ملک کیوبا نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ ملک کی کمیونسٹ حکومت کے مخالفین کی امداد کے طور پر، انہیں انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کر رہا ہے۔

وزارتِ خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ، کیوبا کی حکومت کے مخالفین کو مختلف ذرائع ابلاغ کے استعمال کے لیے مالی امداد فراہم کر رہا ہے۔

بیان میں دارالحکومت ہوانا میں سوئس سفارتخانے میں موجود ’یو ایس انٹریسٹ سیکشن‘ (امریکی مفادات کا شعبہ) کو ذمے دار ٹھہرایا گیا۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ اس دفتر میں کیوبن شہریوں کو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے استعمال کے بارے میں مفت کورسز فراہم کرتا ہے۔

کیوبا میں انٹرنیٹ تک رسائی انتہائی محدود ہے تاہم مخالفین نے ماضی میں اسے حکومت کے خلاف استعمال کیا ہے۔

کیوبا کا کہنا ہے کہ امریکی مفادات کے شعبے میں کام کرنے والے سفارتکار متواتر شہریوں کو جارحیت پسند کاموں اور کیوبا کے آئین کی خلاف ورزی کرنے پر اکساتے ہیں۔

یہ بیان سرکاری اخبار گرانما میں شائع کیا گیا ہے۔

امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان وکٹوریا نولینڈ کا کہنا تھا کہ سوئس سفارتخانے میں موجود شعبہ دیگر تمام امریکی سفارتخانوں کی طرح میزبان ملک کے شہریوں کو انٹرنیٹ کے استعمال پر مفت کورسز اور کمپیوٹرز تک رسائی فراہم کرتا ہے مگر انھوں نے اس بات کی تردید کی کہ اس سیکشن کا عملہ کیوبن حکومت کے خلاف کام کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ دنیا بھر میں معلومات تک رسائی کی آزادی کی ترویج کرتا ہے۔

امریکہ اور کیوبا کے درمیان سنہ انیس سو اکسٹھ میں سفارتی تعلقات منقطع کر دیے گئے تھے مگر باہمی معاملات سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے دارالحکومتوں میں مفادات کے مراکز قائم کر رکھے ہیں۔

تین سال پہلے ایک امریکی کانٹریکٹر ایلن گراس کو کیوبا کی یہودی آبادی میں لیپ ٹاپ کمپیوٹر تقسیم کرنے کے جرم میں پندرہ سال قید کی سزا دی گئی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔